بھارت مہم جوئی سے باز رہے: ڈی جی آئی ایس پی آر کا انتباہ

  • جمعہ 09 / اگست / 2019
  • 5200

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی چنار کور کمانڈر کے بیان کو شوریدہ اور جھوٹ پر مبنی قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ چنار کور کے کمانڈر کے لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں کا کہنا تھا کہ بھارت، مقبوضہ کشمیر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والے ہر شخص کا 'خیال' رکھے گا۔ انہوں نے پاک فوج اور پاکستان پر مقبوضہ وادی میں امن و امن کی صورتحال خراب کرنے کا الزام بھی لگایا تھا۔

ایک ٹوئٹر بیان جاری کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے اس بیان کو 'بھارتی مہم جوئی کا حصہ اور مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال اور بھارتی مظالم سے عالمی توجہ ہٹانے کی ایک اور سازش قرار دیا'۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میڈیا بلیک آؤٹ کا سامنا کر رہا ہے لیکن  آزاد کشمیر غیر ملکیوں اور اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین برائے بھارت اور پاکستان کے لیے کھلا ہے۔ انہوں نے بھارتی لیفٹیننٹ سے سوال کیا کہ 'کیا آپ ایسا کرسکتے ہیں'۔

میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی لیفٹیننٹ کی جس ویڈیو پر رد عمل دیا اس میں بھارتی فورسز کے کمانڈر سے سوال کیا گیا تھا کہ 'کیا پاکستان مقبوضہ وادی میں امن و امان کی صورتحال خراب کرسکتا ہے؟' لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں کا کہنا تھا کہ 'پاک فوج اور پاکستان ہمیشہ کشمیر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے میں ملوث رہے ہیں جس کی وجہ سے میرا ماننا ہے کہ وہ ایسا دوبارہ کرسکتے ہیں اور حال ہی میں ان کے ایسے بیانات سامنے آئے ہیں جس میں انہوں نے مقبوضہ وادی میں مخصوص واقعات کی دھمکی دی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم ان کا خیال رکھیں گے، انہیں آنے دیں اور مقبوضہ وادی میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے دیں'۔

ایک اور ٹوئٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 'بھارت نے مہم جوئی کی تو اس کا جواب 27 فروری سے زیادہ سخت ہوگا۔ اس دن پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھارتی طیارے کو پاکستانی فضائی حدود میں مار گرایا تھا اور پائلٹ کو گرفتار کرلیا تھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'دہائیوں سے ہزاروں بھارتی فوجی بہادر کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام رہے ہیں اور بھارت کی حالیہ مہم جوئی بھی ناکام ہوگی'۔

نئی دہلی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی بندش اور سیکیورٹی کریک ڈاؤن کے بعد سے قابض سیکیورٹی فورسز نے 500 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ وادی میں لاک ڈاون کی وجہ سے عوام اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔