امریکی کانگریس کی دو مسلم ارکان کو اسرائیل میں داخلے سے روک دیا گیا
- جمعہ 16 / اگست / 2019
- 5040
اسرائیل نے صدر ڈونلڈ ٹر مپ کے دباؤ پر امریکی کانگریس کی دو مسلمان ارکان الہان عمر اور راشدہ طلیب کو اپنے ملک کا دورہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ان دو خواتین کو دورے کی اجازت دینے سے اسرائیل کی کمزوری ظاہر ہو گی۔ صدر ٹرمپ کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ دونوں کانگریس ویمن اسرائیل اور یہودیوں سے نفرت کرتی ہیں اور اس بارے میں ان کے خیالات کو تبدیل کرنے کے لیے کچھ بھی کرنا ممکن نہیں ہو گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ دونوں خواتین منی سوٹا اور مشی گن کے لیے باعث ندامت ہیں اور وہاں کے لوگوں کے لیے انہیں دوبارہ منتخب کرنا بہت مشکل ہو گا۔ الہان عمر اور راشدہ طلیب 18 سے 22 اگست تک یروشلم کا دورہ کرنے والی تھیں۔
'وال سٹریٹ جرنل' کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ دونوں خواتین اسرائیل پہنچنے کے بعد یروشلم ، بیت لحم ، ہبران اور رملہ جانے کا ارادہ رکھتی تھیں۔ فلسطینیوں سے متعلق اسرائیلی حکومت کی پالیسی پر ان کی تنقید سے کئی حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔
بدھ کے روز اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے وزیر داخلہ، وزیر خارجہ، داخلی سیکورٹی کے وزیر، قومی سلامتی کونسل کے سربراہ اور اٹارنی جنرل کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس میں امریکی کانگریس کی ان دونوں خواتین ارکان کے مجوزہ دورہ یروشلم کے حوالے سے غور کیا۔ اجلاس کے بعد اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ اس بات کا واضح امکان موجود ہے کہ اسرائیل امریکی کانگریس کی ان دونوں ارکان کو یروشلم کا دورہ کرنے کی اجازت نہ دے۔
الہان عمر اور راشدہ طلیب ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے امریکی ایوان نمائندگان میں منتخب ہونے والی دو پہلی مسلمان خواتین ہیں۔