کشمیریوں سے یک جہتی کے لئے بھارت کے یومِ آزادی پاکستان میں یومِ سیاہ کے طور پر منایا گیا

  • جمعہ 16 / اگست / 2019
  • 4830

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کی موجودہ صورتِ حال پر بھارت کے یومِ آزادی کو پاکستان میں یومِ سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں مختلف شاہراہوں پر سیاہ پرچم لگائے گئے جب کہ احتجاجی ریلیاں بھی نکالی گئی ہیں۔

بھارت کے یومِ آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر منانے کے لیے وزارتِ داخلہ نے نوٹی فکیشن بھی جاری کیا تھا جس کے مطابق، آج ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور چاروں صوبائی حکومتیں بھی یومِ سیاہ منائیں گی۔ اسلام آباد میں دفترِ خارجہ کے باہر حریت رہنماؤں اور سول سوسائٹی نے ایک احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جب کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی طرف سے اقوامِ متحدہ کو ایک یادداشت بھی پیش کی گئی ہے۔

ملک کے دیگر شہروں میں بھی یومِ سیاہ کے تحت مختلف ریلیاں نکالی گئی ہیں اور بھارت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔  بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کی صورتِ حال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جمعے کو صبح 10 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ پاکستان کشمیر کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھائے جانے کو اپنی سفارتی کامیابی قرار دے رہا ہے۔

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کا معاملہ سلامتی کونسل میں جمعے کو زیرِ بحث آئے گا اور یہ گزشتہ 50 برس میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر آیا ہے۔

پولینڈ کی سفیر جوانا ورونیکا نے وائس آف امریکہ کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سیکورٹی کونسل کا بند کمرہ اجلاس چین کی درخواست پر ہو رہا ہے۔ سیکورٹی کونسل جمعرات کو کام نہیں کرے گی اس لیے یہ 'مشاورتی میٹنگ' جمعے کو ہوگی۔

شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سن 71 کی جنگ کے بعد کشمیر کا مسئلہ پہلی مرتبہ ابھر کر سامنے آیا ہے۔ اس مسئلے کے سلامتی کونسل میں آنے سے کشمیر تنازع کے حل میں مدد ملے گی۔