بھارت کے ایٹمی ہتھیار غیر محفوظ ہاتھوں میں ہیں: عمران خان
- اتوار 18 / اگست / 2019
- 4940
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ انتہا پسند سوچ کے حامل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکمرانی میں ایٹمی ہتھیا غیر محفوظ ہیں۔
ایک ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی انتہا پسند، ہندو بالادستی کی حامی مودی حکومت کے ہاتھوں میں ایٹمی ہتھیار تشویشناک بات ہے۔ دنیا کو ان کی سلامتی اور حفاظت پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا پر پڑ سکتے ہیں۔
ایک اور ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جس طرح جرمنی پر نازیوں کا قبضہ ہوا تھا، اسی طرح بھارت پر فاشسٹ اور ہندو بالادستی کے حامیوں کا قبضہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر دنیا میں خطرے کی گھنٹیاں بجنی چاہئیں، مقبوضہ وادی میں محصور 90 لاکھ کشمیریوں کی زندگی خطرے میں ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے تجویز دی کہ کشمیر میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اقوام متحدہ کے مبصرین کو بھیجا جائے۔ عمران خان نے کہا کہ صرف کشمیر کو ہی خطرہ نہیں ہے بلکہ اس سے پاکستان کے علاوہ بھارت کی دیگر اقلیتیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوگل کی مدد سے نازی نظریے اور آر ایس ایس- بی جے پی کے نظریا تمیں مماثلت دیکھی جاسکتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بھارت میں 40 لاکھ مسلمان کیمپوں میں ہیں۔ ان کی شہریت کی منسوخ کی جارہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا آر ایس ایس ڈاکٹرائن اور نسل کشی کا جن بوتل سے باہر آگیا ہے۔ آر ایس ایس کے غنڈے ہنگامہ آرائی کر رہے ہیں۔ اگر عالمی برادری نے انہیں نہ روکا تو انتہاپسندی مزید پھیلے گی۔