بھارتی آبی جارحیت: پاکستانی دریاؤں میں سیلاب کا خطرہ

  • سوموار 19 / اگست / 2019
  • 6430

بھارت نے شیڈول کے بغیر پاکستان آنے والے دریاؤں میں پانی چھوڑ دیا ہے۔ اس کے باعث دریائے سندھ سمیت دیگر دریاؤں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد دریائے ستلج میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے جس کی وجہ سے سیلاب کا خطرہ ہے۔  بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے سے گنڈا سنگھ کے مقام سے پانی کا بڑا ریلا گزرے گا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ریلا ایک لاکھ 50 ہزار کیوسک سے لے کر ایک لاکھ 75 ہزار کیوسک تک ہوسکتا ہے جس کا 19 اگست کو صبح 11 بجے تک گنڈا سنگھ پہنچنے کا امکان ہے۔  صوبائی ڈیزاسٹر منیجمٹ اتھارٹی نے تمام متعلقہ محکموں کو اس خطرے سے متعلق مراسلہ بھی جاری کردیا جس میں متعلقہ محکموں کو ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا تھا کہ دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کرنے کا مقصد بھاری جانی و مالی نقصان سے بچنا ہے۔ سیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت ہر سال مون سون کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تعمیر ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد شیڈول کے مطابق پانی چھوڑ دیتا ہے۔ بھارت کی جانب سے چھوڑا ہوا پانی دریائے ستلج، راوی اور چناب میں آتا ہے جس سے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے لگتی ہے۔

تاہم پاکستان کے پاس اچانک آنے والے اس پانی کے ریلے سے نبرد آزما ہونے کا انتظام موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے دریاؤں سے متصل کئی دیہات زیر آب آجاتے ہیں۔