سری لنکا کرکٹ ٹیم پاکستان میں تین ون ڈے اورتین ٹی20 کھیلے گی

  • جمعہ 23 / اگست / 2019
  • 3270

پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ون ڈے اور ٹی20 سیریز کھیلنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ رواں سال پاکستان ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے سری لنکا کی میزبانی کرے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز اکتوبر میں کھیلی جانی تھی جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے جس کے بعد 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 میچوں کی سیریز دسمبر میں منعقد ہونا تھی۔ پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اب اس شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے پہلے ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ٹیسٹ میچ دسمبر میں منعقد ہوں گے۔

پاکستان کے لیے خوش آئند امر یہ ہے کہ یہ ون ڈے اور ٹی20 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ نئے شیڈول کے مطابق کراچی تین ون ڈے میچوں کی میزبانی کرے گا جس کے بعد لاہور میں تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شیڈول سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے جس کے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے جانے تھے۔ البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کو یہ میچز پاکستان میں کھیلنے کی پیشکش کی تھی۔

اسی پیشکش کو مدنظر رکھتے ہوئے سری لنکن کرکٹ بورڈ نے موہن ڈی سلوا کی زیر سربراہی اپنا سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجا تھا جس نے لاہور اور کراچی کا دورہ کرکے سیکیورٹی اور انتظامات کا معائنہ کیا تھا اور اپنے بورڈ کو مثبت رپورٹ پیش کی تھی۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔ اس کے بعد سے قومی ٹیم نے کوئی بھی ٹیسٹ میچ اپنی سرزمین پر نہیں کھیلا۔ تاہم سری لنکن سیکیورٹی وفد کی مثبت رپورٹ کے بعد پاکستان میں 10سال کے طویل وقفے کے بعد ٹیسٹ میچ کے انعقاد کی امید روشن ہو گئی تھی۔

البتہ سری لنکن حکام نے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا اور اس کی جگہ دونوں ملکوں کے درمیان ون ڈے اور ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سری لنکا کی ٹیم ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے 25ستمبر کو کراچی پہنچے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 27 ستمبر کو پہلا ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔ نیشنل اسٹیڈیم میں دوسرا ون ڈے میچ 29ستمبر اور تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 2اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 5، 7 اور 9اکتوبر کو تین ٹی20 میچوں کی میزبانی کرے گا۔ 10اکتوبر کو سری لنکن ٹیم وطن واپس لوٹ جائے گی۔