بھارت آگ سے کھیل رہا ہے، سیکیولرزم کو شدید خطرہ ہے: صدر عارف علوی

  • ہفتہ 24 / اگست / 2019
  • 5490

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت اس وقت آگ سے کھیل رہا ہے جو اس کے سیکولرزم کو جلا کر راکھ کردے گی۔

امریکی  کینڈین نیوز چینل 'وائس نیوز' سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی حکومت کو ایسا لگتا ہے کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وہاں لوگوں کی زندگی کو بہتر بنائے گی تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتی ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ بھارت اس وقت آگ سے کھیل رہا ہے اور یہ آگ بلآخر اس کے سیکولر تشخص کو جلا کر راکھ کر دے گی۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری نہ ہونا مایوس کن تھا جس پر صدر مملکت نے جواب دیا کہ اس حوالے سے بہت زیادہ بیک ڈور بات چیت ہوئی۔ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ کافی عرصے بعد ایک مرتبہ پھر مسئلہ کشمیر بین الاقوامی مسئلہ بن گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کو نظر انداز کیا اور پاکستان کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے بات کرنے سے انکار کیا۔ یہ کب تک جاری رہے گا؟ پاکستان اور بھارت کے درمیان شملہ معاہدے کو کافی وقت گزر چکا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا دنیا خاموش رہ سکتی ہے اور دونوں فریقین پر بات چیت کرنے پر زور دے سکتی ہے جبکہ ان میں سے ایک فریق بات کرنے کے لیے ہی تیار نہیں ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال سے بھارت کشمیر کو نگلنے کا ارادہ رکھتا ہے لیکن یہ کبھی نہیں ہوگا۔‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس معاملے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ تاہم مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھنے کے بعد ہی وہاں کے عوام اپنے ارادے بتائیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کا انتباہ دہراتے ہوئے صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ’ایسا ممکن ہے کہ بھارت پلوامہ حملے جیسی جھوٹی کارروائی کروائے جسے جواز بنا کر وہ پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے‘۔

انہوں نے  کہا کہ ’پاکستان جنگ کا آغاز نہیں چاہتا، تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہم دفاع کا حق رکھتے ہیں۔‘

خیال رہے کہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 5 اگست کو صدارتی فرمان کے ذریعے آئین میں مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والی ختم کردی تھی، جس کے بعد مقبوضہ علاقہ اب ریاست نہیں بلکہ وفاقی اکائی کہلائے گا جس کی قانون ساز اسمبلی ہوگی۔