کشمیر میں حالات ٹھیک نہیں ہیں: راہول گاندھی
- اتوار 25 / اگست / 2019
- 3940
بھارت کی جماعت کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ کشمیر میں صورت حال ٹھیک نہیں ہے۔ یہ بیان انہوں نے سری نگر سے ذبردستی واپس کئے جانے کے بعد نئی دہلی پہنچ کر دیا۔
دہلی ایئر پورٹ پہنچنے پر راہل گاندھی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو صحافی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے ان کے ساتھ تھے ان میں سے کچھ کو سکیورٹی اہلکاروں نے سرینگر ایئرپورٹ پر زدوکوب کیا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے مار پیٹ اور نامناسب سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ انہیں ایئرپورٹ سے باہر نکلنے نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت افسوسناک ہے۔
اس سے قبل راہل گاندھی حزب اختلاف کی جماعتوں کے رہنماؤں کے 12 رکنی وفد کی سربراہی کرتے ہوئے کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے سرینگر پہنچے تھے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کا یہ وفد بذریعہ ہوائی جہاز سرینگر پہنچا لیکن حکام نے انہیں ایئرپورٹ سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی۔
12 رکنی وفد مقبوضہ کشمیر میں زیر حراست سیاسی رہنماؤں سے ملنے کے علاوہ جموں اور کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرنا چاہتا تھا۔ سرینگر میں موجود بی بی سی کے نامہ نگاروں کے مطابق میڈیا کے نمائندوں کو ایئرپورٹ سے ایک کلومیٹر دور روک دیا گیا۔ رہنماؤں کو ایئرپورٹ سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں واپس بھیجا دیا گیا۔
سرینگر میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار ریاض مسرور نے بتایا کہ 23 اگست کی شب حکومت کے تعلقات عامہ کے ادارے کی جانب سے ایک ہدایت جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو ایسے وقت میں دورہ نہیں کرنا چاہیے جب وہاں دفعہ 144 نافذ ہے۔