بھارت کے لئے فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ نہیں ہؤا: وزیر خارجہ
- بدھ 28 / اگست / 2019
- 4540
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش سے متعلق فیصلے کی افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔
نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ شملہ معاہدے کے تحت دونوں ممالک مسئلے کو دوطرفہ بات چیت سے حل کرنے کے پابند ہیں۔ لیکن کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بھارت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اس وقت انسانی حقوق کا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا اب پہلے جیسی غافل نہیں، کیونکہ بین الاقوامی میڈیا جو پاکستان کے ہاتھ میں نہیں ہے، وہ آج مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم پر کیا کیا کہہ رہا ہے آپ کے سامنے ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آج مغربی میڈیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رپورٹ کر رہا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ، ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسے عالمی اداروں کی رائے بھی تبدیل ہو چکی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے بیان میں یہ کہا کہ وہ بھی اس مسئلے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم اس پر بھی بھارت رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ثالثی کی پیشکش کرنا چاہی لیکن اس میں بھی رکاوٹ بھارت بنا تھا۔