کشمیر سے یک جہتی کے لئے اسلام آباد کے تمام چوراہوں ٹریفک سگنل سرخ رہے گا
- جمعرات 29 / اگست / 2019
- 5380
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ’ کشمیر آور ‘ کے دوران شہر کے تمام چوراہوں پر ٹریفک سگنل 12 بجے سے سرخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے حکم جاری کیا گیا ہے کہ کشمیر آور کے دوران سگنل آدھے تک ریڈ رہے گا اور ٹریفک رکی رہے۔ اس فیصلے سے ٹریفک پولیس کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ کشمیر آور کے دوران اشاروں اور شاہراہوں پر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام مرکزی اجتماع ڈی چوک پر ہوگا جہاں تمام سرکاری دفاتر کا عملہ جمع ہو کر اظہارِ یکجہتی کرے گا جبکہ وزرا اور مقامی قائدین بھی ڈی چوک پر جمع ہوں گے۔ کشمیر آور کے آغاز پر 12 بجے سائرن بجائیں جائیں گے اور قومی ترانہ نشر جائے گا جس کے بعد کشمیر کا ترانہ بھی نشر کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 26 اگست کو قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ’ کشمیر آور ‘ منانے کا اعلان کیا تھا۔ عمران خان نے کہا تھا کہ ہر ہفتے میں ایک دن پوری قوم، ہمارے اسکولز، یونیورسٹیز اور دفاتر جانے والے افراد آدھے گھنٹے کے لیے نکلیں گے اور کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کے اجلاس تک ہم نے دنیا کو بتانا ہے کشمیریوں کے ساتھ کیا ظلم ہورہا ہے اور کشمیریوں کو یہ بتانا ہے کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ حکومت کے اعلان کے مطابق پورے ملک میں دوپہر 12بجے سائرن بجائے جائیں گے جبکہ قومی ترانہ اور کشمیر کا ترانہ بھی بجایا جائے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ پوری قوم اپنے اپنے علاقے اور کام کی جگہ پر جمع ہو اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملکی ہیروز، شوبز اور میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ طلبا سے بھی اس میں بھرپور انداز میں شرکت کی اپیل کی تھی۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ رواں برس ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ کا موضوع بھی یوم دفاع کی تقریبات کا حصہ ہوگا، مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں رات کی بجائے دن میں منعقد ہوگی۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز میں یوم دفاع و شہدا 2019 کے حوالے سے کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے سول و فوجی حکام نے شرکت کی اور یوم دفاع و شہدا کی تقریبات سے متعلق بات چیت ہوئی۔