پاکستان کا بیلسٹک میزائل ’غزنوی‘ کا کامیاب تجربہ کیا
- جمعرات 29 / اگست / 2019
- 4800
پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ 'میزائل 290 کلومیٹر تک ہرقسم کے وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے'۔ کامیاب تجربے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز سربراہان نے سائنسدانوں اور ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی اور سائنسدانوں اور ماہرین کی کاوشوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل کا یہ تجربہ رات کے وقت کیا گیا۔ غزنوی بیلسٹک میزائل حتف -3 کا دوسرا نام ہے جو پاک فوج کی سروسز میں پہلی مرتبہ 2004 میں شامل کیا گیا تھا۔ تاہم 2002 اور 2003 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران ہی اس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ اس میزائل کو مکمل طور پر پاکستان میں ہی کہوٹہ ریسرچ لیبارٹریز اور اسپارکو نے تیار کیا ہے۔
مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل (ایس بی آر ایم) غزنوی 290 سے 320 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے کے ساتھ ساتھ 700 کلو تک بارودی مواد بھی ساتھ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میزائل سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے اور حریف ایٹمی ملک بھارت کے کئی قریبی شہر بشمول امرتسر، لدھیانہ اور چندریگڑھ نشانے پر آگئے ہیں۔
اس سے قبل مئی میں پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین 2 کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شاہین 2 میزائل روایتی اور جوہری دونوں اقسام کے ہتھیاروں کو 15سو کلومیٹر سے زائد کی رینج تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
جنوری میں پاکستان نے دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ کرتے ہوئے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل نصر کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ نے میزائل کی کامیاب آزمائشی لانچنگ کی جس کا مقصد آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل اور تکنیکی تیاریوں کو آزمانا ہے۔
نصر میزائل کم فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ نصر میزائل اعلیٰ شوٹ اینڈ اسکوٹ نظام کا حامل ہے جو پرواز کے دوران حرکت کرنے والے ہدف کو نشانہ بنانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ میزائل بھرپور دفاعی صلاحیت سے لیس ہے اور دشمن کے بیلسٹک میزائل اور دیگر ایئر ڈیفنس سسٹم کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔