بھارتی انتہاپسندی کے خلاف دنیا کو بیدا ہونا چاہئے: وزیراعظم
- جمعہ 30 / اگست / 2019
- 4980
وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر آخری دم تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے آزاد کشمیر میں کچھ نہ کچھ کرے گی۔ لیکن ہماری مسلح افواج تیار ہے اور بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
اسلام آباد میں کشمیر آور کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ’ مقبوضہ کشمیر کے بھائی بہن اس وقت بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ ہم کشمیریوں کے دکھ درد میں شامل ہیں۔ آج یہاں سے پیغام جائے گا کہ جب تک انہیں آزادی نہیں ملتی پاکستان ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ آخری دم تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں حکومت ہے کشمیر میں ظلم کر رہی ہے۔ آر ایس ایس کا نظریہ سمجھنا ضروری ہے جس نے بھارت پر قبضہ کر لیا ہے۔ آر ایس ایس جماعت مسلمانوں کی نفرت میں بنائی گئی اور اس کی پیدائش میں مسلمانوں کی نفرت شامل ہے۔ آر ایس ایس اور بی جے پی صرف ہندوتوا کو مانتے ہیں۔ موجودہ بھارت نے نہرو اور گاندھی کی سیکولرزم کو نظر انداز کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’دنیا دیکھ رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کیا ہورہا ہے۔ اگر کشمیری مسلمان نہ ہوتے تو پوری دنیا کھڑی ہوجاتی۔ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ جب مسلمانوں پر ظلم ہوتا ہے تو عالمی برادری خاموش رہتی ہے‘۔
انہوں نے وعدہ کیا کہ کشمیر کی آزادی تک ہر فورم پر کشمیر کی جنگ لڑوں گا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مسئلہ اٹھاؤں گا۔ مودی سرکار کی فاشسٹ پالیسی کے خلاف کھڑے نہ ہوئے تو دنیا بھر میں اس کا اثر جائے گا اور آج اگر دنیا مودی حکومت کے سامنے کھڑی نہیں ہوئی تو بہت بُرے اثرات ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ’مودی سرکار مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے آزاد کشمیر میں کچھ نہ کچھ کرے گی لیکن ہماری مسلح افواج تیار ہے اور بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ جبکہ ایٹمی طاقتوں کی جنگ سے صرف خطے کو نہیں پوری دنیا کو نقصان ہوتا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک مہم اور شروع کر رہے ہیں جو کشمیر میں کرفیو اٹھانے سے متعلق ہوگی۔ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کو جگائیں گے۔ اس مہم کے لیے دنیا بھر میں اہم شخصیات کو بھی آگاہ کریں گے۔
صدر مملکت عارف علوی نے ایوان صدر میں کشمیر سے یکجہتی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں سمیت پورے ملک میں مسلمانوں پر ظلم ڈھارہا ہے۔ میری خواہش ہے کہ کشمیر جلد آزاد ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ اپنی زندگی ہی میں کشمیر کی آزادی دیکھوں اور اس کام کے لیے مضبوط پاکستان ضروری ہے‘۔