کشمیر میں غیر انسانی صورت حال ختم کروائی جائے: سینیڑ برنی سینڈرز

  • اتوار 01 / ستمبر / 2019
  • 5410

امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں اور کشمیر کودو حصوں میں تقسیم کرنے کا اقدام ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے اسلامک سوسائٹی آف شمالی امریکہ (اسنا) کے 56ویں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس کنونشن سے وزیر اعظم عمران خان نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کا امیدوار بننے کی کوشش کرنے والے برنی سینڈرز نے کہا کہ 'کشمیر کی صورتحال پر مجھے گہری تشویش ہے جہاں بھارتی حکومت نے کشمیر کی خودمختاری کا خاتمہ کردیا ہے جبکہ وادی کا مواصلاتی بلیک آؤٹ بھی جاری ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'سیکیورٹی کے نام پر کریک ڈاؤن سے کشمیریوں کو صحت کی سہولیات تک رسائی بھی نہیں دی جارہی۔ بھارت کے کئی قابل احترام ڈاکٹروں نے اعتراف کیا ہے کہ بھارتی حکومت نے سفر پر پابندی عائد کردی ہے جس سے مریضوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں'۔

سینیٹر کا کہنا تھا کہ 'مواصلات کی بندش کو فوری طور پر ختم کرنا ہوگا اور امریکی حکومت کو عالمی انسانی قوانین اور اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ امن قرارداد کے لئے کھل کر بات کرنا ہوگی۔ کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام اہم ہے'۔

اسی کنونشن سے وزیر اعظم عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں ہندو قوم پرست جماعت آر ایس ایس کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا جسے انہوں نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی  کی سرپرستی کرنے والی جماعت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'اسنا کے پلیٹ فارم سے آپ کو بھی کوششیں کرنی ہوں گی تاکہ لوگوں کو اس فلسفے کے بارے میں بتایا جا سکے، جس نے بھارت پر قبضہ کررکھا ہے۔ مغربی ریاستوں کو آر ایس ایس کے بارے میں سمجھانا ہوگا'۔

انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی جماعت ہندو نسل پرستی اور بھارت سے مسلمانوں کی نسل کشی پر یقین رکھتی ہے، لوگ تحقیق کریں اور اس کی تخلیق کے بارے میں حقائق جانیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 'بی جے پی انتخابات جیت کر مزید قوت کے ساتھ واپس آئی ہے۔ ہم کثیر آبادی والے ملک کی بات کررہے ہیں جہاں جوہری ہتھیار انتہا پسند سوچ کے ہاتھوں میں ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'نازیوں نے ثابت کیا تھا کہ چھوٹا مگر منظم نظریاتی گروہ ملک پر کیسے قبضہ کرسکتا ہے۔ اب ایسا ہی کچھ بھارت میں بھی ہورہا ہے۔ شدت پسندانہ نظریات نے بھارت پر قبضہ کرلیا ہے'۔