پاکستان جنگ میں پہل نہیں کرے گا: عمران خان
- منگل 03 / ستمبر / 2019
- 4940
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جنگ سے ایک مسئلہ حل ہوتا ہے تو چار اور مسائل کھڑے ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے جنگ میں پہل نہ کرنے اور پہلے ایٹمی ہتھیار استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں انٹر نیشنل سکھ کنونشن کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں، تناؤ بڑھا تو اس سے دنیا کو خطرہ ہے مگر پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ میں پہل نہیں ہوگی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اُن کی حکومت کے پہلے ہی روز انہوں نے بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے اور بات چیت کا پیغام دیا، لیکن اُنہیں ہمیشہ مایوسی ہوئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جو کشمیر کی صورت حال ہے، وہ کوئی بھی برداشت نہیں کر سکتا۔ مسلمانوں کے علاوہ کسی پر بھی یہ ظلم ہوتا تو بھی میں آواز بلند کرتا۔ بھارت سے کہا کہ کشمیر کا 70 سال پرانا مسئلہ مذاکرات سے حل کیا جا سکتا ہے۔ لیکن افسوس کہ اُنہوں نے اس کا مثبت جواب نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب کسی کو قتل کی اجازت نہیں دیتا لیکن آر ایس ایس کے لوگ بھارت میں گوشت کھانے والوں کو قتل کر دیتے ہیں۔ بھارتیا جنتا پارٹی آر ایس ایس کی نظریات پر چل رہی ہے۔ ’راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) بھارت کو جس طرف لے جا رہی ہے، اس میں کسی اور مذہب کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی، ہندو انتہا پسندی کی سوچ تو دلتوں اور سکھوں کو بھی برداشت نہیں کرے گی۔ آر ایس ایس کے نظریات سے اب سکھوں کو بھی خطرہ ہے۔ کشمیر میں اگر سکھ کمیونٹی بھی ہوتی تو ہم تب بھی آواز بلند کرتے۔‘
مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے پاکستان آنے والے سکھ مذہب کے ماننے والوں کے لیے ویزا مسائل پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب اُنہیں پتا چلا کہ پاکستانی ویزے کا حصول مشکل ہے تو اُسے آسان بنانے کی کوشش کی گئی۔ ’سکھ برادری کیلیے ملٹی پل ویزا کی پالیسی بنائی جائے گی، اور انہیں ایئر پورٹ پر سہولتیں دی جائیں گی۔‘