سعودی اور اماراتی وزیر خارجہ پاکستان کے دورے پر

  • بدھ 04 / ستمبر / 2019
  • 5070

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات  کے وزرائے خارجہ ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔ وہ وزیر خارجہ کے علاوہ وزیر اعظم اور آرمی چیف سے ملاقات کریں گے۔

اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر اور امارتی ہم منصب عبداللہ بن زاید بن سلطان النہیان کا  گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس سے قبل 7 مارچ کو سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ مارچ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرنے کے لیے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر اہم دورے پر پاکستان پہنچے تھے، جہاں انہوں نے پاکستانی رہنماؤں سے پاک بھارت کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی تھی۔

اماراتی وزیر خارجہ بھی ایسے وقت میں دورہ کر رہے ہیں جب خطے کی مجموعی صورتحال بھارت کی جانب سے 5 اگست کے اقدامات کے باعث کشیدہ ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی جاری صورتحال کے دوران ہی 24 اگست کو متحدہ عرب امارات نے بھارت کے وزیر اعظم کو اعلیٰ ترین سول ایورڈ دیا تھا۔

اس پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات یا کسی بھی ملک کو اپنی مرضی سے کسی بھی ملک کے ساتھ باہمی تعلقات قائم کرنے کا حق حاصل ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیے جانے پر میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ بین الاقوامی تعلقات مذہبی جذبات سے بالاتر ہوتے ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان سرمایہ کاری کے حوالے سے تعلقات کی تاریخ ہے تاہم میں جلد یو اے ای کے وزیر خارجہ سے ملاقات کروں گا اور انہیں مقبوضہ کشمیر کے حالات کے حوالے سے بتاؤں گا۔

عرب وزرائے خارجہ کو کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال کے حوالے سے اہم سمجھا جارہا ہے۔ پاکستانی قیادت اس سوال پر انہیں اپنے مؤقف سے آگاہ کرے گی۔