وزیراعظم نے 27 وزارتوں کو ریڈ لیٹر جاری کردیے

  • جمعرات 05 / ستمبر / 2019
  • 4640

وزیراعظم آفس نے ریکارڈ کی عدم فراہمی پر وزارتوں کو ریڈ لیٹر جاری کئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف  کی حکومت کے دوران پہلی مرتبہ ایسا اقدام کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والا ریڈ لیٹر 27 وزارتوں کے سیکریٹریز کو جاری کیا گیا جو آخری وارننگ اور ناپسندیدگی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔  پی ٹی آئی حکومت کے دوران وزیراعظم آفس سے پہلی مرتبہ ریڈ لیٹر جاری ہوا۔  وزیر اعظم آفس نے وزارتوں سے خالی اسامیوں اور ان کی بھرتیوں سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں۔

وزیراعظم آفس نے مذکورہ تفصیلات کے لیے ریڈ لیٹر جاری کرتے ہوئے 9 ستمبر کی آخری ڈیڈلائن بھی دے دی۔  اس حوالے سے وزیراعظم آفس کا کہنا تھا کہ ریڈلیٹر وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ پر اثر ڈالے گا۔ تمام متعلقہ وزارتیں ہر سطح پر خالی اسامیوں اور پھر ان کی بھرتیوں سے متعلق رپورٹ جمع کروائیں۔ وزیراعظم آفس نے ہدایت کی کہ ترقیوں کے اہل ہونے کے باوجود ترقیاں نہ ملنے والے افسران کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

وزیراعظم آفس نے گزشتہ 3 ماہ سے زیر التوا سرکاری ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی سے متعلق تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔  ریڈ لیٹر میں وزارتوں کے پاس موجود متروکہ گاڑیاں، مشینری اور دیگر ساز و سامان کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔  گزشتہ برس دسمبر میں وفاقی کابینہ نے ہر 3 ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔