سہ فریقی مذاکرات کا تیسرا دور: چینی، افغان وزرائے خارجہ پاکستان پہنچ گئے
- ہفتہ 07 / ستمبر / 2019
- 4970
پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کے تیسرے دور میں شرکت کے لیے چینی اور افغان وزرائے خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
تینوں ممالک کے درمیان سہ ملکی وزرائے خارجہ مذاکرات کا تیسرا دور 7 ستمبر کو پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوگا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا نور خان ایئربیس پر استقبال کیا۔ افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی بھی مذاکرات میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچے ہیں۔ انہیں بھی شاہ محمود قریشی نے خوش آمدید کہا۔
ان سہ فریقی مذاکرات کے ایجنڈے میں سیاسی تعلقات، افغان امن عمل، سیکیورٹی تعاون و انسداد دہشت گردی، ترقیاتی تعاون اور باہمی روابط کا فروغ شامل ہے۔ اس حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’چین، افغانستان، پاکستان وزرائے خارجہ مذاکرات کا مقصد باہمی مفاد کے امور بالخصوص معاشی ترقی اور امن وسلامتی پر تینوں ممالک میں تعاون کو فروغ دینا ہے‘۔
پاکستانی وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاسی اعتماد سازی، ترقی و تعاون اور روابط کے فروغ کے حوالے سے یہ سہ ملکی مذاکرات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مذاکرات کے نتیجے میں تینوں ممالک کے مابین، یکساں مفاد کے امور پر زیادہ بہتر ہم آہنگی پیدا ہوگی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ سہ فریقی مذاکرات کے اس فورم کی اہمیت آئندہ وقت میں مزید بڑھ جائے گی۔ افغانستان پاکستان کی تجارت سے فائدہ حاصل کرسکے گا۔ خواہش ہے کہ وہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور گوادر سے مستفید ہوسکے۔
ان مذاکرات کا پہلا دور 2017 میں بیجنگ جبکہ دوسرا دو دسمبر 2018 میں کابل میں منعقد ہوا تھا۔