پاکستان نے بھارتی صدر کو فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا
- ہفتہ 07 / ستمبر / 2019
- 4340
پاکستان نے بھارت کے صدر رام ناتھ کووند کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
بھارت کے صدر نے 8 تاریخ کو آئس لینڈ جانا تھا۔ بھارت نے پاکستان سے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مانگی تھی۔ تاہم پاکستان نے بھارتی صدر کے طیارے کے لیے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے تصدیق کی کہ پاکستان نے بھارتی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔
وزیرخارجہ نے سرکاری ٹی وی پی ٹی وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بہت محتاط اور معقول طریقے سے بھارت کے ساتھ کشمیر کا معاملہ اٹھایا اور تحمل سے کام لیا لیکن ہندوستان اپنی ہٹ دھرمی پر اترا ہؤا ہے۔ اس ماحول میں بھارت کے صدر کی پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست مسترد کردی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس بارے میں وزیر اعظم عمران خان نے منظوری دی تھی۔ بھارت کے صدر نے درخواست کی تھی کہ آئس لینڈ جانے کے لیے پاکستان اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے۔ تاہم ان حالات میں جہاں وہ ٹس سے مس نہیں ہورہے، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نہیں ہٹا رہے، لوگوں کو بنیادی سہولیات نہیں دے رہے تو ایسے میں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ انہیں پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
موجودہ کشیدگی میں پاکستان نے بھارت کے ساتھ ثقافتی سطح پر بھی تمام رابطے منقطع کردیے ہیں۔