معیشت بہتر ہورہی ہے: گورنر اسٹیٹ بینک

  • اتوار 08 / ستمبر / 2019
  • 4540

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر رضا باقر نے لاہور میں کاروباری برادری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی خسارے میں اضافے کی وجہ مارکیٹ کی بنیاد پر منحصر ایکسچینج ریٹ کی عدم موجودگی رہی ہے۔

انہوں نے کاروباری برادری کو یقین دلایا کہ معیشت آہستہ آہستہ بہتر ہورہی ہے۔ پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دفتر میں کاروباری برادری سے گفتگو کرتے ہوئے رضا باقر کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ سالوں میں جب بھی تجارتی خسارہ بڑھا تو ایکسچینج ریٹ کو فکس نہیں کیا گیا اور اس کی وجہ سے خسارے میں اضافہ ہوا کیونکہ نظام میں مداخلت کی جاتی  تھی‘۔

گورنر اسٹیٹ بنک نے بتایا کہ ’ہم نے طلب اور رسد پر نظر رکھنے کی یقین دہانی کے لیے پالیسی مرتب کرتے ہوئے مارکیٹ میں ایکسچینج ریٹ متعارف کروایا ہے‘۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ مستحکم پالیسی کو ترجیح دینے کی وجہ سے ملک کی برآمدات میں 10 سے 20 فیصد اضافہ ہوا۔ حکومت نجی کاروبار کے منافع میں اضافہ اور روزگار بڑھانا چاہتی ہے اور اگر نجی شعبے کو عوامی شعبے سے مسائل ہیں تو حکومت انہیں حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم مقابلے پر یقین رکھتے ہیں، اس کے بغیر ترقی نہیں ہو سکتی۔ نجی شعبے کو آگے بڑھنا چاہیے اور اس ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحات متعارف کرائے جانے کے بعد سے ملک کی معاشی حالت سست رفتار پر بہتری کی جانب گامزن ہے۔ ہم اصلاحات لائے اور آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا اور موثر پالیسی مرتب دی۔ چھ ماہ پہلے کے مقابلے میں اب صورتحال کافی بہتر ہے۔