امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان براہ راست مذاکرات کا حامی ہے

  • اتوار 08 / ستمبر / 2019
  • 4150

امریکا نے مسلمان تنظیم کے ایک گروپ کو بتایا ہےکہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشمیر سمیت دیگر امور پر براہ راست مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔

امریکی کونسل آف مسلم آرگنائزیشن (یو ایس سی ایم او) کے وفد نے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے امور پاکستان ارون مسنگا سے رواں ہفتے واشنگٹن میں ملاقات کی۔ اس وفد نے بھارت کے 5 اگست کے فیصلے پر مقبوضہ کشمیر میں پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے امریکا پر جنوبی ایشیا میں 2 جوہری ریاستوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے بھی زور دیا۔ جمعے کے روز جاری ہونے والی ٹوئٹ میں امریکا کی نگراں اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ الیس جی ویلز کا کہنا تھا کہ ارون مسنگا نے مسلمانوں کے وفد کو امریکی موقف سے آگاہ کیا اور کہا کہ واشنگٹن پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلے کا پر امن حل نکالنے پر زور دیا رہے گا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات 5 اگست کے بعد خراب ہوئے جب نریندر مودی کی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی۔ بھارت کو اس اقدام کو خود بھارتی سیاست دانوں اور اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

بھارت نے 5 اگست کے اقدام سے کچھ گھنٹے قبل ہی مقبوضہ وادی میں مکمل لاک ڈاؤن اور کرفیو لگا دیا تھا جبکہ مواصلاتی نظام بھی منقطع کردیے تھے جو ایک ماہ گزرنے کے باوجود بھی تاحال معطل ہیں۔