رواں برس کے دوران ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 62 ہوگئی

  • سوموار 09 / ستمبر / 2019
  • 4300

سندھ اور خیبرپختونخوا میں پولیو کے مزید 2 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں رواں سال کے 9 ماہ کے دوران پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 62 تک پہنچ گئی ہے۔

پولیو کے تازہ ترین کیسز سندھ اور خیرپختونخوا میں سامنے آئے۔ کراچی میں ایک افغان شہری کی بیٹی جبکہ جنوبی وزیرستان میں پولیو کی سخت مخالفت کرنے کے حوالے سے مشہور شخص کے پوتے میں پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی۔ دونوں بچوں کی عمریں ایک برس سے بھی کم ہیں۔ عمر بھر کے لیے معذور کردینے والی اس بیماری نے 2015 کے بعد اب اتنی بڑی تعداد میں بچوں کو متاثر کیا ہے۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کی وائرولوجی لیبارٹری کے عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر خیبر پختونخوا میں سامنے آنے والے کیس کے بارے میں بتایا کہ ’یہ واضح طور پر ویکسینیشن سے انکار کا نتیجہ ہے‘۔

جنوبی وزیرستان میں 10 ماہ کے جس بچے میں پولیو کی تشخیص ہوئی ہے، اس کے والد دبئی میں مزدوری کرتے ہیں جبکہ اس کے دادا پولیو ویکسین کے سخت مخالف تھے۔ سندھ میں سامنے آنے والے پولیو کیس کے بارے میں حکام نے بتایا کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں 8 ماہ کی بچی پولیو وائرس سے متاثر پائی گئی۔ متاثرہ بچی کے والد افغان شہری ہیں۔

ملک میں اس سال کے دوران اب تک پولیو کے 62 کیسز سامنے آچکے ہیں جس میں سب سے زیادہ خیبر پختونخوا میں 46، سندھ میں 6 جبکہ پنجاب اور بلوچستان میں5،5 کیسز سامنے آئے۔

سندھ میں ایمرجنسی آپریشن کے ترجمان کے مطابق بچی کو معمول کے مطابق پولیو ویکسین دی گئی تھی چنانچہ اب اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ بچی کو پولیو مہم کے دوران کس طرح ویکسین دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ بچی کی قوت مدافعت بہت کم تھی اسی لیے بار بار پولیو ویکسین دینا ضروری ہوتا ہے۔