پاکستان میں 2 روز تک موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی

  • سوموار 09 / ستمبر / 2019
  • 6410

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ ملک کے تمام شہروں کے مخصوص علاقوں میں 9 اور 10 محرم الحرام کو موبائل فون سروس سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر معطل رہے گی۔

پی ٹی اے نے موبائل فون سروسز کی بندش کے اوقات اور دورانیے کی تصدیق نہیں کی۔ تاہم توقع ہے کہ جن علاقوں سے محرم الحرام کے جلوس گزرتے ہیں وہاں صبح سے لے کر شام 6 بجے تک موبائل سروس بند ہوگی۔ وزارت داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

جلوس میں عزاداروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے تمام شہروں کے ان علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی جن کی نشاندہی ضلعی انتظامیہ یا پولیس نے کی ہو۔ وزارت داخلہ کی جانب سے موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی معطلی کی ہدایات پی ٹی اے کو بھجوادی گئی ہیں جو تمام موبائل آپریٹر کی جانب سے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔

پی ٹی اے کے ایک عہدیدار مطابق ماضی میں موبائل فون سروسز کی بندش کی ہدایات آخری لمحات میں جاری کی جاتی تھیں تا کہ زیادہ سے زیادہ حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے فراہم کردہ فہرست کے مطابق سیکٹر-6، سیکٹر-7، بلیو ایریا، آئی-10 اور خیابانِ سرسید راوالپنڈی میں پیر اور منگل کے روز موبائل فون سروس معطل رہے گی۔

اس کے علاوہ عاشورہ کے دوران سیکٹر جی-9 اور جی-10 کے علاوہ بری امام کے علاقوں میں بھی صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ گزشتہ چند سالوں سے حکام پورے شہر کے تمام علاقوں کے بجائے ان مخصوص علاقوں میں موبائل سروسز معطل کرتے ہیں جہاں سے محرم الحرام کا جلوس کا گزرتا ہے۔