علامہ طاہرالقادری نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا

  • ہفتہ 14 / ستمبر / 2019
  • 4960

پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ اور معروف مذہبی اسکالر علامہ طاہر القادری نے سیاست سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔ اب وہ اپنی پوری توجہ دینی معاملات پر مرکوز کریں گے۔

سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان انہوں نے لاہور میں منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  طاہر القادری نے کہا کہ انہوں نے سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور یہ فیصلہ انہوں نے لاہور میں اپنے حالیہ قیام کے دوران کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے تعلیمی وعدوں اور صحت کی خرابی کی وجہ سے سیاست سے علیحدہ ہورہے ہیں۔  ایک سوال کے جواب میں طاہر القادری نے کہا ان کی جماعت کی ورکنگ کونسل، فیڈرل کونسل اور تھنک ٹینک سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔  اس دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا تھا کہ اس ریٹائرمنٹ کا اعلان مناسب وقت پر حالات کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

طاہر القادری نے سیاست میں واپسی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دوبارہ ملکی سیاست میں واپسی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔  انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کی چیئرمین شپ سے بھی علیحدہ ہورہے ہیں۔ اپنے بیٹوں میں سے کسی کو پارٹی کی کمان نہیں دیں گے۔ اس کا فیصلہ پارٹی کی شوریٰ کرے گی۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر قانونی جنگ جاری ہے اور وہ مرتے دم تک جاری رہے گی۔