عمران خان کا دو روزہ دورہ پر سعودی عرب پہنچ گئے
- جمعرات 19 / ستمبر / 2019
- 4940
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان 2روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے۔ وہ سعودی قیادت سے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔
جدہ کے رائل ٹرمینل پر مکہ کے گورنر خالد الفيصل بن عبدالعزيز نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز، قونصل جنرل خالد مجید، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران بھی موجود تھے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ وزیراعظم نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس میں شرکت سے پہلے سعودی عرب کا دورہ کررہے ہیں۔ وزیراعظم مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے مسلسل رابطے میں رہے ہیں۔ دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت سے بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ رواں برس فروری میں سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے بعد سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کے تمام شعبوں میں تعلقات تیزی سے فروغ پارہے ہیں۔ وزیر اعظم کے دورہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات چیت ہوگی۔
روایتی طور پر پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خاصے گرمجوش اور باہمی دلچسپی پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کو نئی جہت بخشے گا اور اس سے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔