جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی درخواست پر سماعت کیلئے 10 رکنی فل کورٹ تشکیل

  • جمعہ 20 / ستمبر / 2019
  • 4640

چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے صدارتی ریفرنس کے خلاف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی درخواست پر سماعت کے لیے 10 رکنی فل کورٹ بنچ تشکیل دے دیا ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں فل کورٹ 24 ستمبر کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی آئینی درخواست پر سماعت کرے گا۔

عدالت عظمیٰ کے اس 10 رکنی بنچ میں جسٹس عمر عطا بندیال کے علاوہ جسٹس مقبول باقر، جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس فیصل عرب، جسٹس مظہر عالم خان، جسٹس سجاد علی شاہ، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس قاضی امین احمد شامل ہوں گے۔

خیال رہے کہ 17 ستمبر کو سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر دائر صدارتی ریفرنس کے خلاف درخواست کی سماعت کرنے والا عدالت عظمیٰ کا 7 رکنی بنچ، ججز پر اعتراض کے بعد تحلیل ہوگیا تھا۔ نئے بنچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس آف پاکستان کو بھیج دیا گیا تھا۔

جسٹس عیسیٰ کے وکیل منیر اے ملک کی جانب سے بنچ میں شامل ججز پر اعتراض اٹھایا گیا تھا اور کہا تھا کہ ’ چیف جسٹس بننے کے امید وار ججوں کو اس بنچ کا حصہ نہین ہونا چاہئے کیوں کہ ان کا ذاتی مفاد وابستہ ہے‘۔ اس پر جسٹس طارق مسعود اور جسٹس اعجاز الاحسن نے بنچ میں شمہولیت سے معذرت کرلی تھی۔

خیال رہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں صدارتی ریفرنس کا سامنا کرنے والے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اس ریفرنس کو چیلنج کیا تھا اور عدالت عظمیٰ سے معاملے پر فل کورٹ بنانے کی استدعا کی تھی۔