گلگت: بس حادثے میں فوجیوں سمیت 26 مسافر جاں بحق ہوگئے
- اتوار 22 / ستمبر / 2019
- 4470
گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے بابوسر ٹاپ پر تیز رفتار بس کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے 10 فوجی اہلکاروں سمیت 26 افراد جاں بحق ہوگئے۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ کا کہنا تھا کہ مسافر بس حادثے میں بچوں اور خواتین سمیت 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو چلاس کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی۔
دیامر پولیس ترجمان محمد وکیل کا کہنا تھا کہ نجی کمپنی کی مسافر بس اسکردو سے راولپنڈی کی جانب جارہی تھی کہ اسے بابوسر پاس کے نزدیک حادثہ پیش آیا۔ رات کے دوران سفر کرنے والی بس صبح سویرے بے قابو ہو کر پہاڑ سے ٹکراگئی۔
دیامر کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے عہدیدار راجہ اشفاق کا کہنا تھا کہ واقعے میں زیادہ تر جاں بحق افراد کا تعلق اسکردو بلتستان سے تھا۔ ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیم جائے حادثے پر پہنچ گئیں اور گلگت بلتستان کی حکومت سے لاشوں کو اسکردو منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر کی درخواست کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 10 فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ میتیں ہیلی کاپٹر کی مدد سے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) گلگت بلتستان منتقل کردی گئیں۔ پاک فوج نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی مدد سے سی ایم ایچ گلگت بلتستان منتقل کیا گیا۔
چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بابو سر ٹاپ بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ بابوسر پاس روڈ ہر سال جون کے آخر سے اکتوبر تک کھلی رہتی ہے۔ سال کے بقیہ دنوں میں شدید برف باری کے باعث بابوسر ٹاپ کی یہ سڑک بند رہتی ہے۔