پاکستان نے بالاکوٹ سے متعلق بھارتی آرمی چیف کا بیان مسترد کردیا
- منگل 24 / ستمبر / 2019
- 4910
پاکستان نے بھارت کے آرمی چیف جنرل بپن راوت کے اس بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بالاکوٹ میں دہشت گرد کیپ 'دوبارہ فعال' ہوگئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک بیان میں کہا کہ 'بھارت کی جانب سے پاکستان پر دراندازی کی کوشش کرنے کے الزامات مقبوضہ کشمیر میں سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے'۔
خیال رہے کہ رواں سال فروری میں بھارتی حکومت نے بالاکوٹ پر فضائی حملے میں کالعدم جیش محمد کی جانب سے چلائے جانے والے دہشت گرد کیمپ کو تباہ کرنےاور 'بڑی تعداد میں عسکریت پسندوں' کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا۔
بھارت نے کہا تھا کہ یہ کیمپ ان عسکریت پسندوں کے اراکین کی جانب سے چلایا جارہا تھا جو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہونے والے خودکش کار بم دھماکے کے ذمہ دار تھے۔ اس سانحہ میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
پاکستان نے اپنی سزمین سے اس حملے کا دعویٰ مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ اس علاقے میں اس طرح کا نہ کوئی کیمپ تھا اور نہ ہی کسی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے کے اگلے روز ہی پاکستان ایئرفورس نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی فضائیہ کے دو طیاروں کو مار گرایا تھا اور بھارتی پائلٹ کو پکڑ لیا تھا۔ جسے بعد میں جذبہ خیرسگالی کے تحت چھوڑ دیا گیا تھا۔
اس تمام صورتحال کے باوجود گزشتہ روز بھارتی آرمی چیف نے پھر دعویٰ کیا تھا کہ بالاکوٹ میں کیمپ 'دوبارہ فعال' ہوگئے اور 500 'دہشت گرد' بھارت کی طرف 'بڑھ رہے'۔ بھارتی میدیا کے مطابق جنرل بپن راوت نے کہا کہ 'بالاکوٹ دوبارہ فعال ہوگیا ہے۔ بھارتی ایئرفورس نے جو کارروائی کی اس میں بالاکوٹ متاثر ہوا تھا لیکن اب یہ دوباہ فعال ہورہا ہے'۔ تاہم بھارتی آرمی چیف نے اپنے ان دعوؤں کے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے۔
ان کے اس بیان پر پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ 'بھارتی بیانات اور اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں'۔ ترجمان نے کہا کہ 'بھارت ایسے منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کو بھی نہیں چھپا سکے گا'۔
پاک فوج نے بھی بھارتی آرمی چیف کے دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے دراندازی کے ان الزامات کو بھارت کی جانب سے 'جعلی فلیگ آپریشن کے لیے بہانہ' قرار دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر لکھا کہ بھارتی فوج کے کمانڈرز کی جانب سے خاص طور آزاد جموں و کشمیر سے متعلق غیرذمہ دارانہ بیانات، مقبوضہ کشمیر میں صورتحال قابو کرنے میں ناکامی پر مایوسی کا اظہار ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی کمانڈرز کے یہ بیانات مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور قبضے سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوششیں ہیں۔ ایک اور ٹوئٹ میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت کے دراندازی یا مبینہ دہشت گرد کیمپس کی موجودگی کے الزامات جعلی آپریشن یامس ایڈونچر کے لیے بہانہ ہیں جس کی اگر کوشش کی گئی تو علاقائی امن کے لیے سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔
پاک فوج نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ 'پاکستان کی مسلح فورسز کسی بھی جارحیت یا مس ایڈوینچر کا ہرقیمت پر جواب دینے کے لیے مکمل طور سے تیار ہیں'۔