ٹرمپ نے مودی کو ’فادر آف انڈیا‘ قرار دیا
- بدھ 25 / ستمبر / 2019
- 4250
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا کے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد انہیں 'فادر آف انڈیا' قرار دیا ہے۔
منگل کے روز نیو یارک میں دونوں رہنماؤں کی باضابطہ ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے کہا کہ 'مجھے یاد ہے کہ انڈیا مودی سے پہلے کیسا تھا۔ وہاں تفرقہ تھا، ہنگامہ آرائی تھی، انہوں نے سب کو متحد کیا۔ جیسے کہ ایک باپ کرتا ہے۔ وہ شاید فادر آف انڈیا ہیں۔ ہم انہیں فادر آف انڈیا کہیں گے۔'
صدر ٹرمپ نے کہا کہ نریندر مودی کے لیے ان کے دل میں بے حد احترام ہے اور وہ انہیں بہت پسند کرتے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق انتہا پسندی کے معاملے پر نریندر مودی نے پاکستان کو ایک واضح پیغام دیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ اس سے متعلقہ صورتحال سے نمٹنے کے قابل ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ دونوں حضرات (مودی اور عمران) ملیں گے اور کوئی حل تلاش کریں گے۔ 'اگر دونوں مل جائیں تو کچھ اچھی چیز ضرور سامنے آئے گی۔'
ٹرمپ نے ہوسٹن میں ہونے والی تقریب کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس تقریب میں نریندر مودی کو دیکھ کر بہت پرجوش تھے۔ ٹرمپ نے کہا کہ 'وہ اس شخص سے بہت پیار کرتے ہیں۔ لوگ پاگل ہو گئے تھے۔ نریندر مودی امریکی راک سٹار ایلوس پریسلی کی طرح ہیں۔ ایسا لگتا تھا کہ ایلوس واپس آگئے ہیں۔'
دوسری جانب صدر ٹرمپ پاکستان میں انتہا پسندی کے سوال کو دو بار ٹال گئے۔ ایک صحافی نے پوچھا کہ آپ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے اس بیان کو کیسے دیکھتے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ آئی ایس آئی نے القاعدہ کی تربیت کی تھی؟ اس کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے یہ بیان نہیں سنا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ 'مجھے معلوم ہے کہ آپ کے وزیر اعظم اسے دیکھیں گے۔'
ڈونلڈ ٹرمپ نے کشمیر کے متعلق کہا کہ یہ بہت اچھا ہوگا اگر دونوں رہنما (مودی اور عمران) مل کر مسئلہ کشمیر کا کوئی حل تلاش کریں۔ ہم سب ایسا چاہتے ہیں۔' امریکی صدر نے کہا وہ عمران خان سے بھی ملاقات کر چکے ہیں اور اس دوران دونوں کے مابین بہت سے امور پر بات چیت ہوئی ہے۔
ایک دن قبل ٹرمپ نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ نریندر مودی نے ہوسٹن میں ہاؤڈی مودی کے پروگرام میں بہت ہی جارحانہ بیان دیا تھا۔ ہاوڈی مودی پروگرام میں پاکستان کا نام لیے بغیر نریندر مودی نے کہا کہ ’انڈیا کے (کشمیر کے متعلق) فیصلوں سے انہیں پریشانی ہے جن سے اپنا ملک نہیں سنبھل رہا ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو انتہا پسندی کو پالتے پوستے ہیں‘۔
(بشکریہ: بی بی سی اردو)