آزاد کشمیر، جہلم میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ، 53 افراد زخمی
- جمعرات 26 / ستمبر / 2019
- 4730
آزاد کشمیر کے علاقے میرپور اور صوبہ پنجاب کے شہر جہلم اور ملحقہ علاقوں میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ محسوس کیا گیا ہے، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مختلف واقعات میں 53 افراد زخمی بھی ہوئے۔
امریکی جیولوجکل سروے کے مطابق میرپور میں 4.7 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ میرپور میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق نور کے مطابق تھوتل، کلیال اور میرپور کے ایف ون سیکٹر کی کچی آبادی میں 53 افراد زخمی ہوئے۔
دوبارہ زلزلہ محسوس کرنے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ اور قرآنی آیات کا ورد کرتے رہے۔ زلزلے کے آفٹرشاکس کے بعد صورتحال کے نتیجے میں میرپور انتظامیہ نے 27 اور 28 ستمبر کو ضلع میں اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور اور سیالکوٹ میں بھی ہلکا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ زلزلے کے فوری بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مختلف افراد نے ٹوئٹس کیں اور لکھا کہ انہوں نے ہلکے زلزلے کو محسوس کیا جبکہ کچھ لوگ یہ کہتے نظر آئے کہ یہ دو روز قبل آنے والے زلزلے کے آفٹر شاکس تھے۔
24 ستمبر 2019 کو آزاد کشمیر سمیت پنجاب اور خبیرپختونخوا کے مختلف شہروں میں شدید زلزلے سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا تھا۔ زلزلہ میں اڑتیس افراد جاں بحق ہوگئے تھے اور 500 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
سہ پہر 4 بجے آنے والے زلزلے کی شدت 5.8 تھی اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز جہلم کے شمال میں آزاد کشمیر اور پنجاب کو جدا کرنے والی سرحد سے 22 اعشاریہ 3 کلومیٹر دور تھا۔