ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخابات کالعدم قرار دیا گیا
- جمعہ 27 / ستمبر / 2019
- 5100
بلوچستان کے الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اور تحریک انصاف کے لیڈر قاسم خان سوری کے انتخابات میں کامیابی کے نوٹی فکیشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا ہے۔
قاسم خان سوری 2018 کے انتخابات میں ایوان زیریں کے حلقہ این اے 265 کوئٹہ (2) سے حکمران جماعت تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے۔ اُن کی کامیابی کو بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے رہنما اور مذکورہ حلقے سے ناکام ہونے والے امیدوار حاجی لشکری رئیسانی نے چیلنج کیا تھا۔
بلوچستان ہائی کورٹ میں الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس عبداللہ بلوچ نے قاسم خان سوری کی کامیابی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ الیکشن ٹربیونل کے احکامات پر نادرا نے ایک رپورٹ پیش کی۔ جس کے مطابق حلقہ این اے 265 کے 52 ہزار ووٹوں کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔
ٹربیونل نے جمعے کو قاسم خان سوری کی کامیابی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخابات کروانے کا حکم دیا ہے۔ قاسم خان سوری 15 اگست 2018 کو قومی اسمبلی میں 183 ووٹ حاصل کر کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے تھے۔