وزیرخارجہ کی مولانا فضل الرحمان سے احتجاج مؤخر کرنے کی درخواست
- جمعہ 04 / اکتوبر / 2019
- 4970
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے درخواست کی ہے کہ وہ دھرنے کی تاریخ 27 اکتوبر پر نظرثانی کریں اور کسی اور دن احتجاج کا حق استعمال کریں۔
شاہ محمود قریشی نے فیس بک پر مختلف نجی نشریاتی اداروں سے بات کی ویڈیوز شیئرز کیں جن میں انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن سے احتجاج کی تاریخ پر نظرثانی کا کہا گیا ہے۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ '27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فورسز نے سری نگر پر یلغار کی اور مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا۔ ہر سال پوری کشمیری قوم اس روز کو یوم سیاہ کے طور پر مناتی ہے'۔
انہوں نے کہا کہ دو روز قبل کشمیر سیل میں اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت اہم رہنما موجود تھے اور متفقہ فیصلہ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے گزارش کریں گے کہ اس سال 27 اکتوبر 2019 کو یوم سیاہ کے طور منایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے ہیں۔ وہ باتوں کو سمجھتے ہیں، احتجاج ان کا جمہوری حق ہے اور وہ فیصلوں میں آزاد ہیں۔ لیکن میری ان سے گزارش ہے کہ 27 اکتوبر کا دن احتجاج کے لیے مناسب نہیں ہے، اس پر نظرثانی فرمائیں۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ یہ دن کشمیر اور کشمیر کاز سے منسوب ہے اگر اس کے ساتھ کچھ اور منسوب کریں گے تو بھارت کے بیانیے کو تقویت دیں گے اور وہ پاکستان مخالف قوتوں کے ہاتھ میں کھیلنے کے مترادف ہوجائے گا۔
مولانا فضل الرحمٰن کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ اپنا دھرنا بھی چاہتے ہیں تو اس کی تاریخ پر نظرثانی کریں۔ ویسے بھی ان کے حلیفوں میں مکمل طور پر اتفاق نہیں ہے۔ میری بطور پاکستانی ان سے گزارش ہے کہ اس پر نظرثانی کریں کیونکہ اس سے کشمیر کاز کو تقویت نہیں پہنچے گی بلکہ نقصان پہنچے گا۔
اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ڈینگی کا مرض ہوگا مجھے کشمیر کا ہے۔ 27 اکتوبر کا دن یوم سیاہ سے منسوب ہوچکا ہے۔ اس روز کچھ اور چیز کرنا اس میں ملاوٹ کرنے کے مترادف ہوگا اور یہ پاکستان اور کشمیر کاز کے مفاد میں نہیں ہے۔ وزیرخارجہ نے کشمیر سیل کے متفقہ فیصلے سے وزیراعظم عمران خان کو سفارش بھیج رہے ہیں اور تجویز کر رہے ہیں کہ 27 اکتوبر کو پورے پاکستان میں یوم سیاہ منایا جائے اور بھارت کی یلغار، ناجائز قبضے کے خلاف آواز اٹھائیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سری نگر کے پریس کلب کے صدر کے ساتھ 107 صحافیوں نے کرفیو اور پابندیوں کے خلاف بھرپور احتجاج کیا ہے اور یہ احتجاج پاکستان یا نیویارک میں نہیں بلکہ سرینگر میں ہورہا ہے۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے اگلے روز بھی وہاں احتجاج ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بلیک آؤٹ کی وجہ سے خبریں دبائی جارہی ہیں لیکن جب خبریں باہر آئیں گی تو بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوجائے گا۔ ایک اور ویڈیو میں وزیرخارجہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن 27 اکتوبر کی اہمیت کو یقیناً سمجھتے ہیں۔ یہ دن کشمیریوں کی جدوجہد سے منسوب ہے۔ اگر آپ اس روز کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کریں گے تو کشمیر کاز کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ مارچ کرنا ان کا سیاسی فیصلہ ہے وہ کسی اور روز کا تعین کرلیں۔ بحیثیت ایک قومی اور دینی رہنما کے اس فیصلے پر غور کریں۔
واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اعلان کیا تھا کہ ان کی جماعت، حکومت مخالف 'آزادی مارچ' کا آغاز 27 اکتوبر سے کرے گی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ موجودہ حکومت جعلی انتخابات کے نتائج سے موجود میں آئی اور سب نے 25 جولائی 2018 کے انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے از سر نو نئے شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ 'اس حکومت نے مقبوضہ کشمیر کا سودا کردیا ہے۔ 27 اکتوبر کو ہم کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے اور اس کے لیے مظاہروں کے ساتھ اسلام آباد کی جانب بھی مارچ کریں گے جس کے لیے پورے ملک سے قافلے چلیں گے اور اسلام آباد پہنچیں گے، جو اس حکومت کو چلتا کریں گے'۔