برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان
- سوموار 14 / اکتوبر / 2019
- 4860
شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے بڑے بیٹے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن پاکستان کا پانچ روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ وہ پیر کی رات کو اسلام آباد پہنچیں گے۔
برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات کی کڑی ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے یہ بھی کہا ہے کہ برطانوی شاہی جوڑا پاکستان میں مختلف مکاتب فکر سے وابستہ افراد اور نوجوانوں سے ملیں گے جبکہ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ لاہور اور پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا دورہ بھی کریں گے۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن نے اپنے ٹوئٹر پیج پر برطانوی جوڑے کو خوش آمدید کہنے کے لیے راولپنڈی اور لاہور میں رکشوں کو نقش و نگار، تصاویر اور عبارات سے آراستہ کرنے کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین بھی اپنے اپنے انداز میں برطانوی شاہی جوڑے کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔