برطانوی شاہی جوڑے نے پاکستان میں مختلف تقریبات میں شرکت کی

  • منگل 15 / اکتوبر / 2019
  • 4710

برطانیہ کا شاہی جوڑا ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج اور ملکہ برطانیہ کے پوتے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین مڈلٹین نے پاکستان آمد کے بعد روز مختلف تقریبات میں شرکت کی اور مختلف مقامات کے دورے کیے۔

پاکستان کے دورے کے دوسرے دن کا آغاز برطانوی شہزادے اور ان کی اہلیہ نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول یونیورسٹی کالونی اسلام آباد کے دورہ سے کیا اور ’ٹیچ فار پاکستان‘ مہم کے اثرات کا جائزہ لیا۔ شاہی جوڑے نے اسکول کے مختلف حصے دیکھے اور ریاضی کی جماعت کامعائنہ بھی کیا۔ وہ سکول کے طلبا میں گھل مل گئے۔ اس موقع پر اسکول کی انتظامیہ نے شاہی جوڑے کو اسکول سے متعلق بریفنگ دی اور انہیں پاکستان کے تعلیمی نظام سے آگاہ کیا۔

اس کے بعد شاہی جوڑا اسلام آباد میں ٹریل 5 کے مقام پر ماحولیاتی تحفظ سے متعلق تقریب میں شریک ہؤا جہاں انہیں اس حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ شاہی جوڑے کی آج کی مصروفیات میں وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت سے بھی ملاقات بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ وہ وزیراعظم کے ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے۔ بعدازاں وہ اسلام آباد مونیومنٹ بھی جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستانیوں میں مقبول شہزادی ڈیانا کے بیٹے اور بہو 5 روزہ دورے پر گزشتہ رات ساڑھے 9 بجے اسلام آباد پہنچے تھے۔ ان کا یہ دورہ 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ شاہی جوڑے کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور مقامی فورسز کی معاونت کے لیے برطانیہ سے بھی سیکیورٹی اہکار آئے ہیں۔

پاک فوج، رینجرز اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دستے بھی وی وی آئی پی دورے کے دوران سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔ شہر میں ان کی آمدو رفت کے دوران روانی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ انہیں باکس سیکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی۔ ڈپلومیٹک انکلیو میں ان کی قیام گاہ کے اطراف بھی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔