برطانوی شاہی جوڑے نے چترال کا دورہ کیا
- بدھ 16 / اکتوبر / 2019
- 9340
برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن دورہ پاکستان کے تیسرے دن صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر چترال پہنچے ہیں۔ چترال ایئرپورٹ پرڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر نے شاہی جوڑے کا استقبال کیا۔
اس موقع پر شاہی جوڑے کو روایتی ٹوپی پہنائی گئی، ساتھ ہی شہزادے ولیم کو روایتی چغہ اور شہزادی کیٹ کو شال کا تحفہ بھی دیا گیا۔ شاہی جوڑے کو شہزادی ڈیانا کے دورے پر مشتمل تصویری البم بھی تحفے میں پیش کی گئی۔ انہوں نے 1991 میں وادی کا دورہ کیا تھا۔
برطانوی شاہی جوڑے نے ہیلی کاپٹر میں کوہِ ہندوکش کے خوبصورت نظاروں سے لطف اٹھایا۔ بعدازاں شاہی جوڑا ہیلی کاپٹر کے ذریعے چترال کے پر فضا مقام بروغل روانہ ہوگیا۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن چترال کی وادی کیلاش کی سیر بھی کریں گے۔
شاہی نامہ نگار برائے دی سن ایمیلی اینڈریو نے ایک ٹوئٹ کہا کہ ’ شاہی جوڑا مقامی دیہاتوں میں سیلاب کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے چترال کا دورے پر ہے‘۔ شاہی جوڑے کا دورہ 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
شاہی جوڑے نے گزشتہ روزایوانِ صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس میں شاہی جوڑے کے ہمراہ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور دیگر سفارتی عہدیدار بھی شریک ہوئے۔
صدر مملکت اور خاتون اول نے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا استقبال کیا اور ذہنی صحت، ماحولیاتی تبدیلیوں اور غربت کے خاتمے جیسے مسائل کی آگاہی فراہم کرنے کے لیے دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس کے بعد شاہی جوڑا وزیراعظم ہاؤس پہنچا جہاں وزیراعظم عمران خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم ہاؤس میں شاہی مہمانوں نے وزیراعظم کے ظہرانے میں شرکت کی۔
بعدازاں اسلام آباد میں یادگار پاکستان میں تقریب میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن روایتی مشرقی لباس زیب تن کیے ٹرک آرٹ سے سجے رکشے میں سوار ہو کر پہنچے تھے۔ شاہی جوڑے نے پاکستان کے قومی پرچم کے سبز رنگ کی مناسبت سے سبز رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔
تقریب میں کھیل اور شوبز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی جانب سے دیے گئے عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ ولیم نے پاکستانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔