مدینہ منورہ کے قریب بس حادثے میں 35 زائرین جاں بحق

  • جمعرات 17 / اکتوبر / 2019
  • 4980

سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کے قریب بس حادثے کے نتیجے میں 35 زائرین جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ہیں۔

مدینہ پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثہ مدینہ منورہ سے 170 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع حجرہ روڈ پر نجی بس مسافروں کو لے کر جارہی تھی کہ ایک لوڈر سے ٹکرا گئی۔  بس میں 39 افراد سوار تھے، جن میں سعودی عرب میں مقیم ایشیائی اور عرب شہری بھی شامل تھے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق زخمیوں کو الحمنہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور حکام نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔  بس حادثے کی اطلاع ملتے ہی مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے تمام متعلقہ اداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔

سعودی ہلال احمر نے کہا ہے کہ اس کی 20 ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھیں جنہوں نے جاں بحق افراد کی لاشوں کو بس سے مردہ خانے منتقل کیا جبکہ زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔  ہلال احمر کا کہنا ہے کہ بس حادثہ 16 اکتوبر کی شب 18 بجکر 49 منٹ پر ہوا تھا اور جب ان کی امدادی ٹیمیں وہاں پہنچیں تو صرف 4 افراد زخمی تھے اور باقی مسافر جاں بحق ہوچکے تھے۔

جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی بھی شامل تھے جبکہ دیگر کا تعلق مختلف ممالک سے ہے او ان کی شناخت کی جارہی ہے۔  اس سے قبل اپریل 2018 میں سعودی عرب میں مکہ کے راستے پر جانے والی بس، آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے نتیجے میں 4 برطانوی جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔