سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی20 کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا

  • جمعہ 18 / اکتوبر / 2019
  • 4310

پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد سے ٹیسٹ اور ٹی20 کی کپتانی  سے ہٹا دیا ہے۔ اظہر علی کو ٹیسٹ جبکہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

اب سرفراز احمد پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ اور ٹی20 سیریز کے لیے کپتان نہیں ہوں گے۔ پی سی بی کے اعلان کے مطابق اظہر علی آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ اسی دورے میں کھیلے جانے والے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بابر اعظم قومی ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 21 نومبر سے 3 دسمبر تک آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ برسبین جبکہ دوسرا ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ اسی طرح پاکستان کے آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بھی شیڈول ہے جو 3 سے 8 نومبر تک کھیلی جائے گی۔

پی سی بی کے اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا کہ سیزن 20-2019 میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز میں اظہر علی ہی پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کریں گے جبکہ آئندہ سال 2020 میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں بابر اعظم قومی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ تاہم پی سی بی نے ایک روزہ بین الاقوامی میچز کے لیے اسکواڈ میں تبدیلی سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا۔

بیان کے مطابق گزشتہ کچھ سیزیر میں مجموعی طور پر سرفراز احمد کی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر انہیں کپتانی سے ہٹایا گیا۔ سرفراز احمد سے کپتانی واپس لینے کا فیصلہ ٹی20 سیریز میں سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کی بدترین شکست کے بعد سامنے آیا۔

گزشتہ دنوں پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی سری لنکا کی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کی عالمی نمبر ون ٹیم پاکستان کو 3-0 سے شکست دی تھی۔ اس شکست کے بعد سے سرفراز احمد کو ہٹانے کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ 'مشکل' قرار دیا لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ یہ فیصلہ 'ٹیم کے وسیع تر مفاد میں لیا گیا'۔ کپتانی سے ہٹائے جانے والے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات تھی۔  وہ اظہر علی اور بابر اعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔