گاڑیوں کی فروخت میں کمی، ہزاروں ملازمین بے روزگار
- اتوار 20 / اکتوبر / 2019
- 5170
جولائی سے اب تک گاڑیوں کی فروخت میں کمی کے باعث گاڑی بنانے والی کمپنیوں نے ہزاروں ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔
پاکستان ایسوسی ایشی برائے آٹوموبائل پارٹس اینڈ ایسسریز مینوفیکچرر (پاپم) کے چیئرمین کیپٹن (ر) محمد اکرم نے ڈان کو بتایا کہ انہیں ملک بھر میں ایسوسی ایشن کے 400 اراکین کی جانب سے گاڑیوں کے پرزوں کی فروخت میں کمی کی وجہ سے 40 ہزار ملازمین کی برطرفی کی اطلاع ملی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں پرزے فروخت کرنے والے تقریباً 1500-2000 دیگر چھوٹے اور درمیانے دکانداروں اس کا اتنا اثر نہیں پڑا کیونکہ وہ عام مارکیٹ میں پرزے فراہم کرتے ہیں تاہم پاپم کے 400 اراکین جو گاڑی ساز کمپنیوں کو پرزے فراہم کرتے تھے، ان پر زیادہ اثر پڑا ہے۔
گاڑیوں کی کمی کی اس صورتحال میں آئندہ 2 سے 3 ماہ کے دوران میں مزید نوکریوں میں کمی ہوگی۔ اب کنٹریکٹ ملازمین کے بعد مستقل ملازمین بھئی برطرف کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ آٹو سیکٹر کے لیے برا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گاڑی بنانے والی کمپنیاں روپے کی قدر میں کمی، کار فنانسنگ میں کمی، 5.5 سے 7.5 فیصد تک کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کیے جانے، 7 فیصد اضافی کسٹمز ڈیوٹی اور درآمدات پر 3 فیصد اضافی سیلز ٹیکس کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے۔