کرتارپور راہداری 9 نومبر کو کھول دی جائے گی: وزیراعظم
- اتوار 20 / اکتوبر / 2019
- 5180
وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان دنیا بھر سے آنے والی سکھ برادری کے لیے اپنے دروازے کھولنے کے لیے تیار ہے اور کرتارپور راہداری کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے۔
ایک ٹوئٹ پیغام میں انہوں نے کہا کہ کرتارپور منصوبے پر تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے اور آئندہ ماہ کی 9 تاریخ کو یہ عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔ بھارت اور دنیا کے دوسرے حصوں سے سکھ برادری دنیا کے سب سے بڑے گردوارے کی زیارت کے لئے آسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سکھ برادری کے لیے ایک بڑا مذہبی مرکز بن جائے گا اور اس سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا۔ عمران خان نے کہا کہ اس سے ملک کے لیے غیرملکی زرمبادلہ کے علاوہ مختلف شعبوں میں روزگار، سفری اور میزبانی کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت فروغ پارہی ہے۔ اس سے قبل بدھ بھکشوؤں نے پاکستان میں مذہبی رسومات کے لیے مختلف مقامات کا دورہ کیا تھا۔
گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کرتارپور راہداری کا افتتاح 9 نومبر کو کریں گے۔ اسکے بعد راہداری کھول دی جائے گی۔ ہم توقع کر رہے ہیں کہ روزانہ کی بنیاد پر 5 ہزار سکھ یاتری یہاں آئیں گے۔
کرتار پور پاکستانی پنجاب کے ضلع نارووال میں شکر گڑھ کے علاقے میں دریائے راوی کے مغربی جانب واقع ہے۔ جہاں سکھوں کے پہلے گرونانک دیو جی نے اپنی زندگی کے 18 برس گزارے تھے۔ کرتارپور میں واقع دربار صاحب گردوارہ کا بھارتی سرحد سے فاصلہ تین سے چار کلومیٹر کا ہی ہے۔ سکھ زائرین بھارت سے دوربین کے ذریعے ڈیرہ بابانانک کی زیارت کرتے ہیں۔ بابا گرونانک کی سالگرہ منانے کے لیے ہزاروں سکھ زائرین ہر سال بھارت سے پاکستان آتے ہیں۔
پاکستان میں واقع سکھوں کے دیگر مقدس مقامات ڈیرہ صاحب لاہور، پنجہ صاحب حسن ابدال اور جنم استھان ننکانہ صاحب شامل ہیں۔ لیکن کرتار پور ڈیرہ بابا نانک سرحد کے قریب ایک گاؤں میں ہے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان کرتارپور سرحد کھولنے کا معاملہ 1988 میں طے پاگیا تھا لیکن بعد میں دونوں ممالک کے کشیدہ تعلقات کے باعث پیش رفت نہ ہوسکی۔
سرحد بند ہونے کی وجہ سے ہر سال بابا گرونانک کے جنم دن کے موقع پر سکھ بھارتی سرحد کے قریب عبادت کرتے ہیں اور بہت سے زائرین دوربین کے ذریعے گردوارے کی زیارت بھی کرتے ہیں۔
گزشتہ برس اگست میں سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پاکستان آئے تھے۔ اس تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ پاکستان گرو نانک صاحب کے 550 ویں جنم دن پر کرتارپور راہداری کھولے گا۔