ایل او سی پر گولہ باری کا تبادلہ، متعدد فوجی اور شہری ہلاک

  • اتوار 20 / اکتوبر / 2019
  • 4680

پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر گولہ باری کا تبادلہ ہوا ہے جس میں دونوں جانب عام شہریوں اور فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کی فوج نے تین مختلف مقامات پر عام شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ آزاد کشمیر کے حکام نے بتایا ہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب وادی نیلم اور نوسہری سیکٹر میں بھارتی فوج نے گولہ باری کی۔  گولہ باری سے نوسہری میں پانچ افراد کی ہلاک ہوئے جبکہ 10 عام شہری زخمی بھی ہوئے۔

مظفرآباد کے ڈپٹی کمشنر محمد عمر کا کہنا تھا کہ رات ہونے والی گولہ باری سے ہلاک ہونے والے پانچ افراد اور پانچ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ گولہ باری سے ہلاک ہونے والوں میں دیگر علاقوں سے آئے ہوئے مزدور بھی شامل ہیں۔ محمد عامر نے بتایا کہ مرنے والوں میں دو افراد کا تعلق سوات سے تھا جو اس علاقے میں محنت مزدوری کرتے تھے۔

دوسری جانب بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق بھارت کی فوج نے آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اے این آئی نے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوج کی گولہ باری میں دو بھارتی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ ایک شہری بھی نشانہ۔  تین افراد زخمی ہوئے۔

بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق پاکستان کی طرف سے فائر بندی کی خلاف ورزی کے نتیجے میں کشمیر کے کپوارہ سیکٹر میں دو فوجی اور ایک عام شہری ہالک ہوئے۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے بھارتی فوج کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ بھارتی فوج نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دہشت گردوں کے پانچ کیمپس کو نشانہ بنایا۔ سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں پاکستان کے پانچ فوجی مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے دعویٰ کیا کہ بھارتی فوج نے جوڑا، شاہ کوٹ اور نوشہری سیکٹر میں عام آبادی کو نشانہ بنایا جبکہ جوابی کارروائی میں بھارت کے 9 فوجی مارے گئے اور ان کے 2 بنکر بھی تباہ ہوئے۔ جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتےہوئے فائرنگ اور گولہ باری سے ایک پاکستانی فوجی جاں بحق ہؤا  جبکہ 3 شہری بھی مارے گئے

بھارت کا میڈیا میں انڈین آرمی کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کر رہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے چار 'لانچنگ پیڈز' کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی میڈیا میں لانچنگ پیڈ ان مقامات کو کہا جاتا ہے جہاں سے مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسند داخل ہوتے ہوں۔

پاکستان کی فوج کے ترجمان نے ایسے کسی بھی کیمپ کی بھی تردید کرتے ہوئے اس کو جھوٹا دعویٰ قرار دیا ہے۔