دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹی 20 اور ٹیسٹ ٹیم میں سرفراز شامل نہیں

  • سوموار 21 / اکتوبر / 2019
  • 3480

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیموں کا اعلان کردیا ہے۔ سابق کپتان سرفراز احمد کو دونوں اسکواڈز سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ بطور چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ میری خواہش ہے کہ ہم آسٹریلیا میں جا کر اچھی کرکٹ کھیلیں۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں جارحانہ حکمت عملی اپنائی جائے گی اور ٹیم میں ایسے سرپرائز پیکج رکھنے کی کوشش کی ہے جس کے ذریعے آسٹریلیا کو چیلنج کیا جاسکے۔

مصباح الحق نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف کرکٹ کھیلنی ہے تو ہمارے کھلاڑی بہترین ہونے چاہئیں۔ ہماری ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ تجربہ کار کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ ہمیں نوجوان کھلاڑیوں پر یقین ہے اور نوجوانوں کو موقع دیں گے کیونکہ وہی ہمارا مستقبل ہیں۔  ٹیم کے حوالے سے ہم مکمل پراعتماد ہیں۔ ہمیں ان لڑکوں پر پورا یقین ہے کہ آسٹریلیا میں جاکر بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی20 اور ٹیسٹ ٹیم کا انتخاب ڈومیسٹک میچوں میں ٹیموں کے کوچز، سلیکٹرز اور دونوں ٹیموں کے کپتانوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

مصباح الحق نے ٹی20 کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا کہ اور کہا کہ بابر اعظم کپتان ہیں اور اسکواڈ میں شامل بقیہ کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔ آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، محمد حسنین، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عامر، محمد عرفان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض۔

ہیڈکوچ نے بتایا کہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی ہیں اور ٹیم میں عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، امام الحق، عمران خان سینئر، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسی خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

قومی ٹیم میں شان مسعود کو شامل کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں مصباح الحق جنوبی افریقہ میں کھیلی گئی سیریز میں شان مسعود نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جسے دیکھتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

مصباح الحق نے سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کو حالیہ ناقص کارکردگی کی بنیاد پر ہٹایا گیا۔