کینیڈا میں جسٹن ٹروڈو دوبارہ انتخاب جیت گئے

  • منگل 22 / اکتوبر / 2019
  • 6940

کینیڈا کی حکمراں جماعت لبرل پارٹی نے عام انتخابات میں ایک مرتبہ پھر نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے اور وہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر نئی حکومت کی تشکیل کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

کینیڈا میں عام انتخابات کے لیے پیر کو ہونے والی ووٹنگ کے بعد نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک حکمران جماعت لبرل پارٹی سب سے زیادہ 146 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق علیحدگی پسند جماعت بلاک کیوبیکوز حیران کن طور پر 33 نشستیں ملی ہیں۔ جب کہ کنزرویٹو پارٹی کو 12، نیو ڈیمو کریٹک پارٹی چار اور گرین پارٹی ایک نشست حاصل کرسکی۔

اکثریتی حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو 338 کے ایوان میں 170 نشستیں درکار ہیں۔ حکومت بنانے اور  قانون سازی کے لیے جسٹن ٹروڈو کو بائیں بازو کی حزب اختلاف کی جماعتوں پر انحصار کرنا ہوگا۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جسٹن ٹروڈو کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ جسٹس ٹروڈو کو زبردست اور سخت مقابلے کے بعد کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آپ نے کینیڈا کی خدمت کی اور میں دونوں ملکوں کی ترقی کے لیے آپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہوں۔

کوئنز یونیورسٹی میں شعبہ سیاسیات کے پروفیسر جوناتھن روز کا کہنا ہے کہ نیو ڈیمو کریٹک پارٹی کی کارکردگی مایوس کن رہی اور بلاک کیوبیکوز نے انتخابات میں سب کو حیران کردیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا "میرے خیال میں بلاک کیوبیکوز کی 20 نشستوں پر کامیابی کا امکان تھا لیکن اس نے 30 سے زائد نشستیں حاصل کر کے حیران کردیا ہے۔"

یاد رہے کہ وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کو انتخابات سے چند روز ایک پرانی تصویر پر شدید تنقید کا سامنا تھا جس میں وہ سیاہ دکھائی دے رہے تھے اور اس پر اُنہیں معافی بھی مانگنا پڑی تھی۔  ناقدین کینیڈا کی بڑی تعمیری کمپنیوں میں کرپشن کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی اُنہیں تنقید کا نشانہ بناتے رہے تھے۔