لندن: ٹرک سے 39 افراد کی لاشیں برآمد، مشتبہ شخص گرفتار

  • بدھ 23 / اکتوبر / 2019
  • 4830

برطانیہ کی پولیس نے لندن کے مشرقی علاقے میں واقع انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک ٹرک سے 39 افراد کی لاشیں برآمد کرنے کے بعد ایک مشتبہ شخص کوحراست میں لے لیا ہے جو مبینہ طور پر ٹرک ڈرائیور ہے۔

برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک بلغاریہ سے روانہ ہوا اور ویلز کے علاقے ہولی ہیڈ کے ذریعے برطانیہ میں داخل ہوا۔ پولیس نے شمالی آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔  چیف سپرنٹنڈنٹ اینڈریو مارینر نے کہا ہے کہ ’ہم متاثرین کی شناخت کررہے ہیں تاہم اس میں وقت لگ سکتا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے واقعے پر ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا جو تحقیقات مکمل ہونے تک پولیس کی تحویل میں رہے گا۔۔

لندن کی ایمرجنسی سروسز نے بتایا ہے کہ لندن کے وسط سے 20 میل کے فاصلے پر دریائے تھیمز کے قریب گریز کے علاقے میں واقع واٹر گلیڈ انڈسٹریل پارک میں موجود کنٹینر سے لاشیں برآمد ہوئیں۔  برطانیہ کے وزیر داخلہ برینڈن لیوس نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’جانی نقصان سے متعلق ایسی المناک خبر پر میرے احساسات متاثرین، ان کے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں‘۔ پولیس ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں پیش کرنے کو یقینی بنائے گی۔

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے مذکورہ واقعے سے متعلق حیرت کا اظہار کیا۔  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ ’ میں باقاعدہ معلومات حاصل کررہا ہوں اور وزارت داخلہ ایسیکس پولیس کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ کیا ہوا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ میرے احساسات ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنی زندگی اور اپنے پیاروں کو کھودیا‘۔

دوسری جانب بلغاریہ کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت یہ تصدیق نہیں کرسکتے کہ جس ٹرک سے لاشیں ملیں وہ بلغاریہ سے روانہ ہوا تھا یا نہیں۔

بلغاریہ کی وزارت خارجہ کی ترجمان سویتانا کراسٹینا نے کہا کہ ’ ہم برطانوی میڈیا میں شائع ہونے والی معلومات کا جائزہ لے رہے ہیں اور حکام سے رابطے میں ہیں‘۔