عمران خان کی نواز شریف کی صحتیابی کے لئے دعا، بہترین علاج کہ ہدایت

  • جمعرات 24 / اکتوبر / 2019
  • 5620

وزیر اعظم عمران خان نے مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے اپنی سیاسی حریف اور مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ عمران خان نے نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن میں صدقِ دل سے نواز شریف کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں اور انہیں علاج معالجے کی بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ حکام کو ہدایات دے چکا ہوں۔

وزیر اعظم نے بدھ کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو خصوصی طور پر ہدایات جاری کی تھیں کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ پیر کو نواز شریف کی صحت اچانک خراب ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جس کے بعد انہیں لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد کے پلیٹلیٹس خطرناک حد تک کم ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کی گئی تھیں۔ سابق وزیر اعظم کے چیک اپ کے لیے ہسپتال میں 6 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا جس کی سربراہی ڈاکٹر محمود ایاز کر رہے ہیں. اس بورڈ میں سینئر میڈیکل اسپیشلسٹ گیسٹروم انٹرولوجسٹ، انیستھیزیا اور فزیشن بھی شامل ہیں۔

بدھ کو نواز شریف کی صحت کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آئی تھیں جس کے بعد حکومت نے ان کی صاحبزادی مریم نواز کو والد سے سروسز ہسپتال میں ملاقات کی خصوصی اجازت دے دی تھی۔

میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے مرض کی ابتدائی تشخیص کرلی ہے۔ انہیں خلیات بنانے کا نظام خراب ہونے کا مرض لاحق ہے۔ پروفیسر محمود ایاز کے مطابق خلیات بنانے کا نظام خراب ہونے سے خون میں پلیٹسلٹس کم ہوجاتے ہیں اور قوت مدافعت کم ہوجاتی ہے۔ نواز شریف کو امیون تھرمبو سائیٹوپینیا کا مرض لاحق ہے جس کی وجہ سے خون میں پلیٹ لیٹس میں فوری کمی آجاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قابل علاج مرض ہے۔ نوازشریف کا علاج شروع کردیا گیا ہے۔

سروس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے پرنسپل ڈاکٹر محمود ایاز نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) اور پی ای ٹی اسکین کے لیے ریسرچ سینٹر میں داخل کیا جائےگا۔ تاہم ہسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے از خود پی کے ایل آئی جانے سے انکار کردیا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق کی پلیٹسلٹس کی غیرموجودگی سے دماغ میں خون جمع ہوجاتا ہے جس کئی پیچیدگیاں جنم لے سکتی ہیں اور برین ہیمرج بھی ہوسکتا ہے۔ صحت مند جسم میں پلیٹسلٹس کی تعداد ایک لاکھ سے ساڑھے چار لاکھ ہوتے ہیں جس سے ہڈی کا گودا ضرورت کے مطابق بنتا رہتا ہے

ماہرین کے مطابق پلیٹسلٹس کی کمی کے باعث انفکیشن، گردوں کی بیماری، ادویات کے اکثریت یا جسم کے مدافعتی نظام میں خرابی سے ہوسکتی ہے۔ طبی ماہرین کی رائے کے مطابق پلیٹسلٹس کی کمی کےباعث دل کے دورے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔