چوہدری شوگر ملز کیس: نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور
- جمعہ 25 / اکتوبر / 2019
- 4900
لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔
عدالت عالیہ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی چوہدری شوگر ملز کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی حراست سے طبی بنیادوں پر رہائی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے آج ہونے والی طویل سماعت کے بعد مختصر فیصلہ سنایا، جس میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اس کیس میں ایک کروڑ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کروائیں۔
درخواست کے منظور ہونے کے بعد نواز شریف نیب کی حراست سے تو رہا ہوجائیں گے لیکن ان کی جیل سے اس وقت تک باضابطہ طور پر رہائی ممکن نہیں ہے جب تک اسلام آباد ہائی کورٹ العزیزیہ کیس میں ان کی سزا معطل کرکے ان کی ضمانت منظور نہیں کرتی۔
العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں نواز شریف کو 7 برس قید کی سزا دی گئی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کسی میں ضمانت کے لئے سماعت منگل تک ملتوی کردی ہے۔
دوسری جانب عدالت میں مریم نواز کی فوری رہائی سے متعلق بھی درخواست پر اسی بینچ نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے مریم نواز کی درخواست ضمانت پر جواب جمع کرادیا ہے؟، اس پر نیب کی جانب سے جواب جمع کروانے کی مہلت مانگی۔ عدالت نے مریم نواز کی درخواست پر نیب سے پیر تک جواب طلب کرلیا۔
یاد رہے کہ 21 اکتوبر کو نواز شریف کی صحت اچانک خراب ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جس کے بعد انہیں لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد کے پلیٹلیٹس خطرناک حد تک کم ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کی گئی تھیں۔