نوازشریف کو بیرون ملک علاج پر آمادہ کرنے کی کوششیں

  • سوموار 28 / اکتوبر / 2019
  • 4200

انگریزی روزنامہ دی نیوز نے اطلاع دی ہے کہ شہباز شریف کے ذریعے نواز شریف کو علاج کے لئے ملک سے باہر جانے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اخبار کے صحافی انصار عباسی نے خبر دی ہے کہ شہبازشریف کو متعدد حلقوں سے پیغامات موصول ہوئے ہیں کہ وہ نوازشریف کو بیرون ملک علاج کیلئے راضی کریں ۔ شہبازشریف نے نوازشریف سے بیرون ملک علاج کے لئے بات کی لیکن سابق وزیراعظم نے تک رضا مندی ظاہر نہیں کی۔ نواشریف کی والدہ، بیگم کلثوم نواز کی ہمشیرہ اور ایک قریبی رشتہ دار خاتون کو ہسپتال ملاقات کیلئے لایا گیا تاکہ وہ انہیں بیرون ملک علاج کیلئے راضی کریں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ حالیہ مہینوں میں اور ان کی موجودہ بیماری سے قبل نواز شریف کو علاج کے لیے تین بار بیرون ملک جانے کی پیش کش کی گئی تھی۔ مریم نواز کے حوالے سے یہ کہا گیا تھا کہ ان کا سیاسی مستقبل اچھا ہے لیکن انہیں کچھ وقت کے لیے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ تاہم نواز شریف نے ان تجاویز کو مسترد کردیا اور اس بات پر اصرار کیا کہ انہیں صرف میرٹ پر ہی ریلیف ملنا چاہیئے۔

گزشتہ ہفتے جب وہ سروسز اسپتال میں داخل ہوئے تھے تو ان کی قانونی ٹیم نے ان سے کہا تھا کہ وہ طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست کریں، لیکن نواز شریف نے انکار کر دیا جس کے بعد شہباز شریف نے فیصلہ کیا کہ وہ نوازشریف کی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔