آزادی مارچ لاہور کیلئے روانہ ہوگیا

  • منگل 29 / اکتوبر / 2019
  • 4970

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں آزادی مارچ ملتان میں مختصر قیام کے بعد لاہور کے لیے روانہ ہوگیا۔  ملتان میں سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے مولانا فضل الرحمٰن سے ان کے کنٹینر پر ملاقات کی۔

ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پنجاب مولانا سلیم اللہ قادری کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن رات کو لاہور پہنچیں گے اور ان کا استقبال ٹھوکر نیاز بیگ پر ہوگا۔ مولانا سلیم اللہ قادری کے مطابق آزادی مارچ آج رات مینارپاکستان کے گراؤنڈ اور سڑکوں پر قیام کرے گا اور ادھر ہی جلسہ بھی ہوگا۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمن صبح 5 بجے قافلے کے ہمراہ ملتان پہنچے تھے۔  بلوچستان اور سندھ کے قافلے بھی ملتان سے لاہور کے لیے روانہ ہوچکے ہیں۔  لاہور میں مولانا فضل الرحمٰن دیگر اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی، جمعیت اہل حدیث، جمعیت علمائے اسلام، مسلم لیگ کے استقبالی کیمپ سے بھی گزریں گے۔  ٹھوکر نیاز بیگ سے قافلہ براستہ ملتان روڈ سمن آباد موڑ پہنچے گا۔  سمن آباد موڑ میں پیپلز پارٹی کی جانب سے قافلہ کا استقبال کیا جائے گا جبکہ چوبرجی چوک پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے استقبال کیمپ لگایا گیا ہے۔  

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے مولانا فضل الرحمٰن کا دھرنا روکنے، فوجداری مقدمہ درج کرنے اور بغاوت کی کارروائی کے لیے درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی۔  عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئین پاکستان کسی کے بیانات اور سیاسی سرگرمیوں کو نہیں روکتا اور نہ دھرنوں اور مارچ سے بنیادی حقوق سلب نہیں ہوتے ہیں۔ آئین پاکستان سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دیتا ہے ۔

جسٹس امیر بھٹی نےمقامی وکیل ندیم سرور اور کی درخواستوں پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران جسٹس امیر بھٹی نے کہا کہ آئین کسی کے بیانات اور سیاسی سرگرمیوں کو نہیں روکتا اور کسی بھی قسم کی ملک منافی سرگرمیوں کو روکنا حکومت کی زمہ داری ہے۔ حکومتی وکیل اسرارالہی نے درخواستوں کی مخالفت کی اور عدالت کو یقین دلایا کہ صرف قانون ہاتھ میں لینے پر وفاقی حکومت کارروائی کرے گی۔