ٹرین حادثہ کے باعث اسلام آباد جلسہ ایک روز کے لئے ملتوی: مسلم لیگ ن

  • جمعرات 31 / اکتوبر / 2019
  • 4530

مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے رحیم یار خان میں ٹرین حادثے کے باعث جمعیت علماء اسلام سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کا شیڈول جلسہ کل تک ملتوی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ٹرین کے اندوہناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر جلسہ مؤخر کیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ جلسہ بھی ہے اور مارچ بھی تاہم تمام قافلے ترتیب کے مطابق اسلام آباد پہنچیں گے۔ آزادی مارچ کے شرکا نے بدھ کو لاہور سے گوجر خان تک کا سفر کیا اور آج شرکا قافلے کی صورت میں اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔ جمعیت علماء اسلام کے ترجمان کے مطابق یہ قافلے رات گئے اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔ جہاں حکومت نے پشاور موڑ کے قریب جلسے کی اجازت دے رکھی تھی۔

پشاور اور ہزارہ ڈویژن سے جے یو آئی (ف) کے قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل لاہور میں ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ملک داؤ پہ لگا ہوا ہے، جب کہ حکومت نے اپوزیشن کو احتساب کے نام پر دیوار سے لگادیا ہے، یہ ڈرامہ اب ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جمہوریت اور آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں جس کے لیے حزب اختلاف کی تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔

جمعیت علماء اسلام (ف) کا آزادی مارچ 27 اکتوبر کو کراچی سے روانہ ہوا تھا۔ یہ مارچ سکھر، رحیم یارخان، ملتان، ساہیوال، لاہور سے ہوتا ہوا گوجر خان پہنچا تھا۔  'آزادی مارچ' شیڈول کے مطابق 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں داخل ہوگا اور اسے حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ جلسے کے دوران وہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔