آزادی مارچ یا جلسہ ملتوی نہیں ہوا: مولانا فضل الرحمان

  • جمعرات 31 / اکتوبر / 2019
  • 4530

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے آج کے اسلام آباد میں ہونے  والے جلسے کو ملتوی کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسلہ ملتوی نہیں ہؤا۔

گوجر خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی کا کہنا ہے کہ یہ ہمارا پروگرام ہے جس کے بارے میں ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ کب اور کیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام قافلے اپنے وقت اور ترتیب کے مطابق اسلام آباد پہنچیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ تیز گام کو پیش آنے والے حادثے پر بہت دکھ اور رنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، تحقیقات کی جائے کہ یہ حادثہ ہے یا دہشت گردی ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے اس موقع پر ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے مغفرت کی دعا بھی کی۔

مولانا فضل الرحمٰن اپنے خطاب کے بعد گوجر خان سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے۔ دوسری جانب پشاور موٹر وے سے جے یو آئی ف اور اے این پی کے قافلے اسلام آباد میں داخل ہونے لگے ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال اور مریم اورنگ زیب نے کہا  تھا کہ سانحہ تیز گام کے باعث اپوزیشن نے مشترکہ طور منعقد ہونے والا آزادی مارچ کا جلسہ ایک روز کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج سانحہ تیز گام کا بڑا حادثہ رونما ہوا ہے اور متاثرین سے اظہارِ یک جہتی کے لیے جلسہ کل تک کے لیے ملتوی کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ طور پر کل جمعے کے بعد جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قافلے آج اسلام آباد پہنچ کر قیام کریں گے۔ احسن اقبال کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون کی جانب سے پارٹی صدر شہباز شریف کے ساتھ نون لیگ کی مرکزی قیادت، صوبائی صدور جلسے میں شریک ہوں گے۔

نون لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ اپوزیشن کا آج ہونے والا جلسہ ملتوی ہوگیا ہے۔ تاہم آزادی مارچ آج جلسہ گاہ پہنچے گا اور جلسہ کل کریں گے۔