فضل الرحمٰن کے ہوتے یہودیوں کو سازش کی کیا ضرورت ہے: وزیراعظم

  • جمعہ 01 / نومبر / 2019
  • 5750

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ فضل الرحمٰن کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو کسی سازش کی کیا ضرورت ہے۔ گلگت میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم یہاں گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کا جشن منارہے ہیں۔ ایک آزادی مارچ اسلام آباد میں ہورہا ہے۔ وہ اسلام آباد میں کس سے آزادی لینے آئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہاں بڑی تعداد میں لوگ میں جمع ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کا میڈیا جا کر لوگوں سے پوچھے تو سہی کہ وہ کس سے آزادی لینے آئے ہیں۔ اگر آپ پیپلزپارٹی والوں سے پوچھیں گے تو وہ کہیں گے کہ مہنگائی ہوگئی، ن لیگ والوں سے پوچھیں گے تو انہیں پتہ ہی نہیں ہوگا کہ وہ اس مارچ میں کیوں ہیں۔ اگر جے یو آئی والوں سے پوچھیں گے تو وہ کہیں کہ یہودی اسلام آباد پر قبضہ کرنے لگے ہیں۔ میں ان سب کو کہنا چاہتا ہوں کہ فضل الرحمٰن کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کی ضرورت کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمٰن کے مارچ سے پاکستان کے دشمن خوش ہورہے ہیں۔ صرف بھارت کا میڈیا دیکھ لیں جو فضل الرحمٰن کو دکھا دکھا کر خوش ہورہا ہے۔ ایسا لگے گا جیسے وہ بھارتی شہری ہیں اور بھارت کے لیے کوئی ملک آزاد کرنے آرہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جس طرح ووٹ لینے اور پیسے بنانے کے کے لیے اسلام کو استعمال کیا جاتا ہے یہ اسلام کو نقصان پہنچاتا ہے۔

وزیراعظم  نے کہا کہ پاکستانی قوم اب یہ چیز سمجھ گئی ہے۔ لوگوں کو ان کے بیانات پتہ ہیں۔ یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے جب 5 سال پہلے تحریک انصاف نے دھرنا دیا تو لوگوں کو پتہ ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کیا کہتی تھیں۔  اب چیزیں چھپتی نہیں ہیں۔ لوگوں کو پتہ ہے کہ اصل مقصد کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی بھی بلوچستان سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ کوئی ان سے پوچھے کہ  آپ یہاں کیا کرنے آئے ہیں ؟ آپ تو ہر وقت جے یو آئی کی مخالفت کرتے تھے۔ بلاول بھٹو جو اپنے آپ کو لبرل کہتے ہیں۔ یہ سب ایک ہی طرح سے لبرل ہیں۔ وہ دن چلے گئے جب یہ اقتدار لینے کے لیے مذہب کو استعمال کرتے تھے۔ یہ نیا پاکستان بن چکا ہے اس لیے اب سب بے روزگار اکٹھے ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ جتنی دیر چاہیں بیٹھیں لیکن میں ایک چیز کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کو این آر او نہیں دوں گا۔ یہ لوگوں کو اصل بات بتائیں کہ سب کیوں جمع ہوئے ہیں اصل بات یہ ہے کہ ان کے کرپشن کے کیسز ہمارے سامنے آچکے ہیں۔ اس ملک میں جس سطح کی کرپشن ہوئی سب کو ڈر لگا ہوا کہ سب کی باری آجانی ہے۔

گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے موقع پر عمران خان نے علاقے کا دورہ کیا اور وہاں تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں کو یومِ آزادی کی مبارک باد دی اور خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان کے دیگر علاقوں میں موجود افراد نہیں جانتے کہ 1947 میں گلگت بلتستان میں کیا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بہت کم لوگوں کو اندازہ ہے کہ یہاں کے لوگوں نے آزادی کی جنگ لڑی تھی۔ ڈوگرہ حکومت کو شکست دی تھی اور 1948 میں بلتستان اور اسکردو کو آزاد کروایا تھا۔