مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور، رہائی کا حکم
- سوموار 04 / نومبر / 2019
- 4560
لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے اور ان کی رہائی کا حکم دیا ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے مذکورہ کیس میں قومی احتساب بیورو اور درخواست گزار کے وکیلوں کے دلائل کے بعد 31 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ آج فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئےعدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی درخواست ضمانت کو منظور کرلی۔ رہائی کے لئے انہیں ایک ایک کروڑ کے 2 مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے مریم نواز کو اضافی 7 کروڑ روپے جمع کروانے کی ہدایت کے علاوہ پاسپورٹ جمع کروانے کا حکم بھی دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے 30 ستمبر کو عدالت سے رجوع کیا تھا۔ گزشتہ ماہ کے آخر میں اپنے والد سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کی اچانک ناسازی کے بعد انہوں نے بنیادی حقوق اور انسانی بنیادوں پر ضمانت کے لیے 24 اکتوبر کو ایک متفرق درخواست دائر کی تھی۔
مریم نواز کو قومی ادارے نے 8 اگست کو چوہدری شوگر ملز کیس میں ان کے کزن یوسف عباس کے ہمراہ گرفتار کیا تھا۔ 25 ستمبر کو لاہور کی احتساب عدالت نے ان دونوں کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، جس میں کئی مرتبہ توسیع کی گئی تھی۔
مریم نواز پر الزام ہےکہ وہ 93-1992 کے دوران کچھ غیر ملکیوں کی مدد سے منی لانڈرنگ میں ملوث رہیں۔ اس وقت نواز شریف وزیراعظم تھے۔ اس کیس میں اکتوبر 2018 میں نیب کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف اور ان کے بھائی عباس شریف کے اہلِ خانہ، ان کے علاوہ امریکا اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے کچھ غیر ملکی اس کمپنی میں شراکت دار ہیں۔